پشاور، پولیس نے سکول ٹیچر کے اندھے قتل کاسراغ لگالیا،ساس کے خون سے ہاتھ رنگنے والی بہواوراسکے آشنا کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا

بدھ 22 فروری 2017 22:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2017ء) کوہاٹ پولیس نے چند گھنٹوں میںخاتون سکول ٹیچر کے اندھے قتل کاسراغ لگالیا ہے۔ساس کے خون سے ہاتھ رنگنے والی بہواوراسکے آشنا کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔شریک جرم ملزمان نے ملکرمحو خواب سکول ٹیچر کوگھر کے اندر فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیاتھا۔پولیس نے جائے وقوعہ پر موجود شواہد کی چھان بین سے قتل کی واردات میں ملوث ملزمان تک رسائی حاصل کرنے کے بعد مقدمہ میں نامزد کردیا ہے۔

مقتولہ گورنمنٹ بہزادی ہائیر سیکنڈری سکول میں اسلامیات کی معلمہ تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کوہاٹ شہر کے علاقہ بہزادی چکر کوٹ میں گزشتہ شب مبینہ ملزمہ مسماة شیر بانو زوجہ نقیب گل نے میاں گان کالونی کے رہائشی عابد ولد عبدالمحمد کیساتھ ملکر گھر کے اندر خوابیدہ حالت میںموجود اپنی ساس سرکاری سکول ٹیچرمسماة گل ریحان بیوہ گل محمد کو گولیاں مار کر ابدی نیند سلا دیا۔

(جاری ہے)

مقتولہ کی لاش لیاقت میموریل وومن اینڈ چلڈرن ہسپتال لائی گئی جہاں پولیس تھانہ چھائونی میں قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا تاہم ایف آئی آر کے اندراج کے بعد مقامی پولیس کے ایس ایچ او انسپکٹر محمد علی تفتیشی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو انہوں نے موقع واردات پر موجود شواہد کی چھان بین کی روشنی میں ملزمہ شیر بانو اور عابد کو حراست میں لے لیااور انکے قبضے سے آلہ قتل پستول برآمد کرلی گئی ہے۔

قتل کے اس واردات کی پاداش میں گرفتار ملزمان نے ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیاہے۔بعد ازاںپولیس نے زیر حراست دونوں ملزمان کو عدالت کے سامنے پیش کرکے ملزمہ شیر بانو کو جیل بھیج دیا جبکہ شریک جرم عابد کومزید جسمانی ریمانڈ پرپابند سلاسل کردیا گیا ہے۔پولیس نے وقوعہ کے اصل محرکات معلوم کرنے کیلئے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کردیا ہے اور جلد ہی قتل کی وجوہات کا پتہ لگالیا جائے گا۔واضح رہے کہ زیر حراست ملزمہ کا خاوند ملازمت کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم ہے جبکہ سکول ٹیچر اور اسکی بہو گھر میںاکیلے رہائش پزیر تھیں۔

متعلقہ عنوان :