آفتاب شیرپائو کا تحصیل کچیری تنگی کا دورہ،شہیدافرادکے لواحقین اوروکلاء سے تعزیت

بدھ 22 فروری 2017 22:37

آفتاب شیرپائو کا تحصیل کچیری تنگی کا دورہ،شہیدافرادکے لواحقین اوروکلاء ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء)قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائونے تحصیل کچہری تنگی کا دورہ کیااور سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور وکلاء سے تعزیت کیلئے ان کی رہائش گاہوں پرگئے جہاں انھوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انھوں نے غم زدہ خاندانوں کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ اس غم کی گھڑی میں ہم آپ کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیںاورمتاثرہ خاندانوں کی ہر سطح پر داد رسی کیلئے بھرپور کوششیں کی جائے گی ۔انھوں نے کہا کہ تحصیل کچہری تنگی جیسی اہم جگہوں کو وحشیانہ کارروائیوں کا نشانہ بنانا اور معصوم افراد کا قتل عام انتہائی گھنائونا فعل ہے اور شرپسند عناصر اس قسم کی کارروائیوں کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں لیکن قوم پوری طرح متحد ہے اور اس قسم کے مزموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیگی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس المناک گھڑی میں پوری قوم کی ہمدردیاں غم زدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل کی گھڑی میں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔انھوں نے نیشنل ایکشن پلان پرمن و عن عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پختونوں کے تحفظ اور پختون مٹی کی حفاظت کو فرض اولین سمجھتے ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

آفتاب شیرپائو نے تنگی کچہری دھماکہ کے جگہ کا بھی معائنہ کیا اور وکلاء سے ملاقات کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔اس موقع پرسینئر صوبائی وزیر اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپائو،معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشدخان عمرزئی ،خالد خان ایم پی اے اور پارٹی کے ضلعی عہدیدار ،ضلعی و تحصیل ممبران اور پارٹی کارکن بھی موجود تھے۔