مجلس وحدت المسلمین کے وفد کی سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات ،اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی

بدھ 22 فروری 2017 22:25

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین نے ایک وفد کے ہمراہ سابق وزیراعظم پاکستان اور پیپلزپارٹی کے سینئیر وائس چئیرمین سید یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی، وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی، علامہ محمد اصغر عسکری اور علامہ محمد اقبال بہشتی شامل تھے۔

وفد نے وطن عزیز میں جاری دہشت گردی سے نبٹنے کیلئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ سیاسیات کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، ملاقات کے دوران ملکی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پہ تفصیلی بات چیت ہوئی، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو ایک مثبت اور خوش آئند اقدام قرار دیا اور اے پی سی میں پی پی پی پارلیمینٹیرین کی شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ملک اقرار حسین نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال میں دہشتگردوں کے خلاف بے رحمانہ کاروائیوں کی ضرورت ہے، پاک فوج کی جانب سے ملک بھر میں ’’رد الفساد‘‘کا اعلان خوش آئند ہے، وزیرستان کی طرز پر ملک بھر میں اس طرح کی کاروائیاں دہشتگردی کے خاتمے کا باعث بنیں گی۔ پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ، دہشتگردوں کے پشت پناہوں اور کمین گاہوں کے خاتمے سے دہشتگردی کا ناسور ختم ہوگا۔