بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری میں آل پاکستان انٹر یونیورسٹی تقریری مقابلوں کا انعقاد

بدھ 22 فروری 2017 22:08

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) بے نظیر بھٹو شہید یو نیورسٹی لیا ر ی (کراچی )میں ہائرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے انیسویں آل پاکستان انٹر یونیورسٹی تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے انیسویں آل پاکستان انٹر یونیورسٹی تقریری مقابلے کے پہلے مرحلے کا انعقاد بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری میں کیا گیا جس کا مقصد مفکر پاکستان اور شاعر مشرق حضرت علامہ محمد اقبال کی شاعری اور ان کے فلسفے کو اجاگر کرنا تھا۔

مقابلے میں یونیورسٹی کے 18 طلباء نے شرکت کی جنہوں نے اردو اور انگریزی میں تقاریر پیش کیں جسے حاضرین نے خوب سراہا۔

(جاری ہے)

تقریب کی مہمان خصوصی قائمقام رجسٹرار فریدہ عظیم لودھی تھیں۔ تین رکنی ججز پر مشتمل جیوری کے فیصلے کے مطابق علامہ اقبال شیلڈ کے لئے اردو میں پہلا کیش انعام مبلغ پانچ ہزار روپے شعبہ تعلیم کی پارس میمن، دوسراانعام مبلغ تین ہزار روپے شعبہ انگلش کی کومل عارفت، یسرا انعام مبلغ دو ہزار روپے شعبہ سی ایس کی صدف انجم نے جبکہ انگریری میں پہلا کیش انعام مبلغ پانچ ہزار روپے شعبہ انگلش کے عمیر رزاق، دوسرا انعام مبلغ تین ہزار شعبہ انگلش کی سارہ کلثوم اور تیسرا انعام مبلغ دو ہزار روپے شعبہ تعلیم کی سکینہ نے حاصل کیا۔

تقریب کی نگرانی کے فرائض اسٹوڈنٹ ویلفئر آفیسر عبد الشکور نے انجام دیئے۔