وفاقی وزیرداخلہ کی شہریوںکی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر سخت اقدامات کرنے کی ہدایت

جڑواں شہروںمیں بس اڈوں،گیسٹ ہا?سز اور ہوٹلوں پر گہری نظر رکھی جائے،مشتبہ افراد کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے،پی ٹی اے اور ایف آئی اے انٹرنیٹ پر نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے والوں پر نظررکھے،اسلام آباد میں درباروں اور مزارات کی سیکیورٹی کیلئے تین روز کے اندر جامع پلان مرتب کیا جائے، چوہدر ی نثار کااعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

بدھ 22 فروری 2017 21:13

وفاقی وزیرداخلہ کی شہریوںکی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر شہریوںکی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ جڑواں شہروںمیں بس اڈوں،گیسٹ ہا?سز اور ہوٹلوں پر گہری نظر رکھی جائے،مشتبہ افراد کی سرگرمیوں کو مانیٹر کیا جائے،پی ٹی اے اور ایف آئی اے انٹرنیٹ پر نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے والوں پر نظررکھے،اسلام آباد میں درباروں اور مزارات کی سیکیورٹی کیلئے تین روز کے اندر جامع پلان مرتب کیا جائے۔

بدھ کو وزیرداخلہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ،سیکٹر کمانڈر پنجاب رینجرز،چیف کمشنر اسلام آباد،آئی جی اسلام آباد سمیت راولپنڈی کی پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چوہدری نثار نے ہدایت کی کہ ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر شہریوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر سخت اقدامات کیے جائیں،نگرانی کے عمل کو بڑھایا جائے،سائنسی طریقوں سے انٹیلی جنس کے تبادلے کو یقینی بنایا جائے۔

چوہدری نثار نے جڑواں شہروں کی انتظامیہ کو بس اڈوں،گیسٹ ہا?سز اور ہوٹلوں پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کی اور ان ہوٹلوں میں ٹھہرنے والوں کی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کرنے کا بھی کہا۔وزیرداخلہ نے پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو انٹرنیٹ پر نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے والوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مواد کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے جو دوسروں کی دل آزاری کا باعث بنے۔

وزیرداخلہ نے روالپنڈی اور اسلام آباد میں پولیس چیک پوسٹوں کی 24گھنٹے مانیٹرنگ اور نگرانی کیلئے دو الگ الگ کمیٹیاں بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ان کمیٹیوں میں انتظامیہ اور سپیشل برانچ کے اہلکاروں کو بھی شامل کیا جائے۔وزیرداخلہ نے کومبنگ آپریشن کے دوران گرفتار ہونے والے دہشتگردوں ان کے سہولت کاروں اور ریاست مخالف عناصر کے معاملے پر بھی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی جو روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشن کو مانیٹر کرے گی۔

اجلاس میں سکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں سمیت دیگر اہم عمارتوں کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔چوہدری نثار نے ان اداروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے رینجرز اور پولیس کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعلیمی اداروں سمیت جڑواں شہروں میں دیگر ہم عمارتوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔وزیرداخلہ نے اسلام آباد میں موجود درباروں اور مزارات کی سیکیورٹی کیلئے تین روز کے اندر جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرداخلہ چند روز قبل اسلام آباد میں بری امام کے مزار کو بند کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی تھریٹ پر کسی دربار کو بند کرنے کی بجائے اس کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔وزیرداخلہ نے جڑواں شہروں میں ٹریفک کے مسائل کے خاتمے کیلئے بنائے گئے ٹریفک پلان کا بھی جائزہ لیا۔…(خ م+آچ)