جامع حکمت عملی کے ذریعے عوامی مسائل حل کرہے ہیں،صوبائی وزیر قانون امتیاز شاہد قریشی

بدھ 22 فروری 2017 20:56

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2017ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ وسائل کے مقابلے میں مسائل کہیں زیادہ ہیں تاہم بہتر حکمت عملی سے عوام کے زیادہ سے زیادہ مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گے اور تمام علاقوںمیں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز کی مساوی تقسیم کو یقینی بنائیں گے انشاء الله کسی بھی حصے کی حق تلفی نہیں ہو گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رحمان آباد کوہاٹ میں چنڈہ روڈ کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔وزیر قانون نے کہا کہ ان کی سیاست کا محور عوام کی بلاامتیاز اور بے لوث خدمت ہے اور و ہ اس اہم مقصد کے لئے شبانہ روزکوششیں کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے منتخب اراکین کی طرح عوام سے ایسا کوئی وعدہ نہیں کریں گے جسے وہ پورانہ کر سکیں ۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ ان کی اولین ترجیح عوام کوان کی دہلیز پر تعلیم، صحت،پینے کا پانی، بجلی اور مواصلات جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ان کے حلقے کا ایسا کوئی علاقہ نہیں جہاں ان منصوبوں پر کام جاری نہ ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صر ف مواصلات کے شعبے میں پی کے 39کی ہر یونین کونسل میں کروڑں روپے کے کام جاری ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ اگر انہیں یہ مسائل ورثے میں نہ ملے ہوتے تو آج وہ اربوں روپے کے یہ فنڈز میگا پراجیکٹ پر خرچ کرتے تاہم یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں پرویز خٹک کی صورت میں عوام دوست اور ہر دلعزیز وزیر اعلیٰ ملا ہے جنہیں ہر وقت اپنے عوام کا خیال رہتا ہے اور فنڈز کی فراہمی میں ہمیشہ کشادہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج وہ جو کچھ ہیں یہ صرف حلقہ کے عوام کی وجہ سے ہیںاور انشاء اللہ وہ عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریں گے وہ عوام کیلئے اپنا خون دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :