پاک فوج کا ملک بھر میں آپریشن’’ردالفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان

پاک بحریہ،فضائیہ،سول آرمڈ فورسز اور دیگر ادارے حصہ لیںگے، آرمی چیف کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

بدھ 22 فروری 2017 20:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2017ء) پاک فوج نے دہشتگردی کے خاتمے اور ضرب عضب آپریشن کی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کیلئے ملک بھر میں آپریشن’’ردالفساد‘‘ شروع کرنے کا اعلان کردیا،پاک بحریہ،فضائیہ،سول آرمڈ فورسز اور دیگر ادارے حصہ لیںگے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت لاہور میں سیکورٹی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان،پنجاب میں تعینات تمام کور کے کمانڈرز اور ڈی جی رینجرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے اورآپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو یقینی بنانے کیلئے ملک بھر میں آپریشن’’ردالفساد‘‘ کرے گی۔پنجاب میں رینجرز کے انسداد دہشتگردی آپریشنز بھی اس کا حصہ ہوں گے۔ترجمان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اس آپریشن کا طرئہ امتیاز ہوگا۔ملک بھر کو اسلحہ سے پاک کرنا،بارودی مواد کو قبضے میں لینا آپریشن کا اہم جز ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے،پاک بحریہ،فضائیہ اور سول آرمڈ فورسز بھی اس آپریشن کا حصہ بنیں گی۔ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے تمام ادارے معاونت کریں گی۔(ولی)

متعلقہ عنوان :