خاتون کو موبائل پر دھمکی آمیز پیغامات بھیج کر ہراساں کرنیوالے ملزم کیخلاف ضلعی عدالت کا مقدمہ کے اندراج کا حکم

بدھ 22 فروری 2017 20:36

خاتون کو موبائل پر دھمکی آمیز پیغامات بھیج کر ہراساں کرنیوالے ملزم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2017ء) خاتون کو موبائل پر دھمکی آمیز پیغامات بھیج کر ہراساں کرنے والے ملزم کے خلاف ضلعی عدالت اسلام آباد نے مقدمہ کے اندراج کا حکم جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق خاتون کو موبائل پر پیغامات کے ذریعے دھمکیاں دینے والے ملزم کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے مدعیہ پلوشہ جبین نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کی عدالت میں22-Aکی درخواست دائر کی۔

(جاری ہے)

درخواست میں مدعیہ نے مؤقف اپنایا کہ ملزم محمد وقاص اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ اس کے گھر میں گھسا اور سائلہ کو نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اس کے طلائی زیوارت بھی لے گیا۔سائلہ کے مطابق ملزم اس کا بہنوئی ہے جس کے خلاف اس کے بہن نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے،ملزم اس واقعہ کے بعد مدعیہ کو موبائل فون پر دھمکی آمیز پیغامات بھیجتا رہا جس میں اس نے سائلہ کو جان سے مار ڈالنے کی دھمکی بھی دی۔متاثرہ خاتون فریاد لے کر تھانہ آبپارہ پہنچی جہاں پولیس نے اس کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔سائلہ نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جہاں فاضل جج نے اس کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کردیا۔(ولی/عدنان)

متعلقہ عنوان :