لاہور، محمود آباد میں گیس سلنڈر دھماکے میں 1 خاتون جاں بحق

لواحقین کا لاش کو سٹرک پر رکھ کر سوئی گیس کمپنی کے خلاف احتجاج

بدھ 22 فروری 2017 19:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2017ء) بیگم پورہ کے علاقہ محمود آباد میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔ اہل علاقہ کی بڑی تعداد جاں بحق ہونے والی خاتون کی لاش لے کر جی ٹی روڈ پر پہنچ گئی۔ جہاں انہوں نے لاش سڑک پر رکھ کر محکمہ سوئی گیس کمپنی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک بند کردی۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقہ کے مکینوں کو گزشتہ دس روز سے گیس فراہم نہیں کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے اہل علاقہ غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔

دھماکے کے حوالے سے اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والی خاتون گھر میں گیس سلنڈر پر کھانا پکارہی تھی کہ اچانک سلنڈر پھٹ گیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگی۔ بعدازاں ضلعی حکام اور مظاہرین میں کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔(قیوم زاہد)