صدرآزاد کشمیر کی گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات

آزاد کشمیر، پنجاب کی مجموعی صورتحال امن و امان اور ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ایل او سی پر بلا اشتعال بھارتی جارحیت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال وفاقی حکومت آزادکشمیر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے ، ریاست کو سی پیک کا حصہ بنا لیا گیا ہے، مانسہرہ سے مظفرآباد تا میر پور موٹروے کے ساتھ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع بالواسطہ یا بالاواسطہ منسلک ہو جائیں گے ، سردار محمد مسعود

بدھ 22 فروری 2017 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2017ء) صدر آزا دجموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان کی گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملاقات ۔ آزاد کشمیر اور پنجاب کی مجموعی صورتحال امن و امان اور ملک بھر میں دہشت گردی کی نئی لہر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ایل ۔ او۔ سی پر بلا اشتعال بھارتی جارحیت سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدرآزاد کشمیر نے بتایا کہ ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے وزیر اعظم راجہ فاروق حید ر کی قیادت میں ان کی ٹیم ٹھوس منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ وفاقی حکومت آزادکشمیر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے ۔ ریاست کو پاک چین اقتصادی راہدری کا حصہ بنا لیا گیا ہے ۔ مانسہرہ سے مظفرآباد تا میر پور موٹروے کے ساتھ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع بالواسطہ یا بالاواسطہ منسلک ہو جائیں گے ۔

(جاری ہے)

توانائی کے دو بڑے منصوبے سی ۔ پیک کے تحت بن رہے ہیں ۔ جن میں کروٹ اور کوہالہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ دیگر کئی منصوبے بھی زیر غور ہیں ۔ آئندہ پانچ سات برسوں میں آزاد کشمیر میں آٹھ ہزار سات سو میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی ۔آزاد کشمیر کی ضرورت پوری کرنے کے بعد تقریباً آٹھ ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گریڈ میں شامل ہو گی ۔

اس طرح پاکستان کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے مکمل نجات مل جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے علاوہ ہماری اولین ترجیح مسئلہ کشمیر کا حل ہے ۔ اس سلسلے میں ہم سفارتی سطح پر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج نوجوانوں کو اجتماعی طور پر بصارت سے محروم کرنے کے بعد اب تلاشیوں اور محاصرے کے دوران گرفتار کر کے قتل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔

گرفتار نوجوانوں کو شہید کرنے کے بعد ان کی لاشیں مسخ کر دی جاتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کے عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموش ہے جو افسوسناک ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پنجاب کے عوام نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی کھل کر حمایت کی ۔ جس پر ہم پنجاب اور خصوصاً لاہور کے عوام کے شکر گزار ہیں اس موقع پر گورنر پنجاب نے صدر آزاد کشمیر کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ بعد ازاں گورنر پنجاب نے صدر سردار مسعود خان کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔ جس میں پنجاب کابینہ کے ارکان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔