لاہور ہائیکورٹ نے ظفر اللہ چوہدری اور کونسل فار کالج آف فزیشن ممبران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیئے

بدھ 22 فروری 2017 18:11

لاہور۔22 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے کونسل فار کالج آف فزیشن اینڈ سرجن آف پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹرظفر اللہ چوہدری اور بائیس ممبران کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا وقاص روف نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار ڈاکٹر عبدالمنان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ قانونی چارہ جوئی کے لئے عدالت سے رجوع کرنے پر ان کی فیلو شپ ختم کرنے کا نوٹس دے دیا گیا۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت ہر شہری کو شفاف ٹرائل کا حق حاصل ہے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر عدالت عالیہ سے رجوع کرنا آئین کے آرٹیکل ایک سو ننانوے کے تحت ہر شہری کاتسلیم شدہ آئینی حق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آئینی حق استعمال کرنے والے شہری کو نوٹس دیا جانا غیر ّآئینی اقدام ہے۔

انہوں نے استدعا کی کہ عدالت سے رجوع کرنے پردرخواست گزار کے خلاف کی جانے والی کاروائی کو کالعدم قرار دیا جائے۔انہوں نے مزید استدعا کی کہ عدالتی کارروائی میں رکاوٹ بننے پرکونسل فار کالج آف فزیشن اینڈ سرجن آف پاکستان کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اللہ چوہدری اور بائیس ممبران کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے۔جس پر عدالت نے فریقین کودو ہفتوں کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔