عابد شیر علی اپنے قد سے زیادہ اونچی باتیں کررہا ہے،ان کے والدجب میئرتھے توخاکروبوں کے پیسے بھی کھاگئے تھے، ناصر حسین شاہ

جب (ن )لیگ والوں کی دم پر پائوں پڑتا ہے تو میڈیا پر بھی حملے کر نا شروع کردیتے ہیں،شرجیل میمن کی طبیعت خراب ہے، وہ اسی ماہ واپس آئینگے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 22 فروری 2017 17:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) سندھ وزیر برائے ٹرانسپورٹ ناصرحسین شاہ نے کہاہے کہ عابد شیر علی اپنے قد سے زیادہ اونچی باتیں کررہا ہے،عابد شیر علی کے والدجب میئرتھے توخاکروبوں کے پیسے بھی کھاگئے تھے ،جس کے ثبوت موجود ہیں،جب ن لیگ والوں کی دم پر پائوں پڑتا ہے تو میڈیا پر بھی حملے کر نا شروع کردیتے ہیں۔شرجیل میمن کی طبیعت خراب ہے۔

وہ اسی ماہ واپس آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو بلاول ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ناصر شاہ نے کہاکہ حیرت کی بات ہے کہ عابد شیر علی کرپشن کے خلاف بات کررہا ہے،ان کا باپ صفائی کرنے والوں کے پیسے بھی کھاگیا تھا ۔نیب میں انکے خلاف تحقیقات سب کے سامنے ہے ،وہ الزامات سے پہلے اپنے گریبان میں ضرور جھانکیں۔

(جاری ہے)

ناصر شاہ نے کہاکہ ن لیگ کے وزراء اس طرح کی باتیں کرکے نوازشریف کو امتحان میں ڈال رہے ہیں۔

لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں جبکہ انڈسٹریز تباہ ہورہی ہے۔جو بل نہیں دیتا اس کے خلاف ہم بھی ہیں۔ماضی میں بجلی کی نرخوں میں اتنا اضافہ نہیں تھا اب وہ آسمان سے بات کر رہے ہیں۔شرجیل میمن کی طبیعت خراب ہے۔ وہ اسی ماہ واپس آئیں گے۔شہرجیل جب ملک سے باہر تھا تو بغیر مقدمہ کے اس کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔پنجاب میں اب میڈیا کے وجہ سے رینجرز کو بلانے پر راضی ہوئے ہیں۔نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہوا۔یہ پس و پیش سے کام کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ والے بیت اللہ محسود پر آنسو بہا رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں اصل آپریشن اب شروع ہونے جارہاہے۔عوامی دبائو کے بعد پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد ہونے جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :