ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) مشتاق احمد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

بدھ 22 فروری 2017 17:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجر برادری معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے لہٰذا مقامی انتظامیہ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرے گی۔

اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ایسٹ کیپٹن (ر) وقاص رشید، اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریت حسن وقار چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر بشریٰ اقبال اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قانون کرایہ داری کے مسودے پر مطلوبہ کارروائی کر کے اسے ایک ہفتہ کے اندر اندر واپس قومی اسمبلی کو بھجوا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے ساتھ آئندہ اجلاس میں مارکیٹوں میں پارکنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے بارے میں بات چیت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ہوٹلوں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بند کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ہوٹل و فوڈ بزنس کرنے والوں کیلئے ایک نئی گریڈنگ پالیسی بنائی جارہی ہے جس کے بارے میں چیمبر میں ایک سیمینار بھی منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت ہوٹلوں کی درجہ بندی کی جائے گی جبکہ پالیسی منظور ہونے کے بعد چیمبر اور مقامی انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں ہوٹلوں اور فوڈ آئوٹ لیٹس کا معائنہ کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹی کو اب تاجر برادری کے منتخب نمائندے چلائیں گے اوراس سلسلے میں ان کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوںنے کہا کہ اسلام آبادمیں جلسے کرنے کیلئے پریڈ گرائونڈ کو مختص کر دیا گیا ہے اور آئندہ جلسے اسی جگہ منعقد ہوں گے۔ انہوں نے بعض اجاگر کردہ مسائل کو حل کرنے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ قومی اسمبلی کی ایک قائمہ کمیٹی نے اسلام آباد کیلئے ایک نئے قانون کرایہ داری کا مسودہ مقامی انتظامیہ کے پاس بھیج رکھا ہے جس پر انتظامیہ عوام کی رائے لینا چاہتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہ عمل جلد مکمل کیا جائے کیونکہ قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی میں تاجر برادری کو مسائل کا سامنا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیمبر کی مشاورت سے مذکورہ مسودہ پر عوامی رائے لینے کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے تا کہ جلد اسلام آباد میں قانون کرایہ داری کا نفاذ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہول سیل منڈی کیلئے ایک مارکیٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاہم اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے مقامی انتظامیہ منڈی کی یونین کے ساتھ بات چیت کے ذریعے معاملات طے کرے۔

انہوںنے کہا کہ اسلام آباد کی مارکیٹوں میں پارکنگ کا مسئلہ سنگین ہوتا جا رہا ہے لہٰذا مقامی انتظامیہ اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے سی ڈی اے کے ساتھ مل کر کوئی جامع حکمت عملی وضع کرے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اور شاہراہوں پر جلسے جلوسوں کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں بہت متاثر ہوتی ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی انتظامیہ ایسی سرگرمیوں کیلئے شہر سے باہر کوئی جگہ مختص کرے تا کہ کاروبار کا حرج نہ ہو۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر خالد ملک، نائب صدر طاہر ایوب، سابق صدر ظفربختاوری، اجمل بلوچ، خالد چوہدری، طاہر عباسی اور سردار طاہر سمیت مختلف مارکیٹوں کے نمائندگان نے اپنے اپنے مسائل سے ڈپٹی کمیشنر کو آگاہ کیا اور ان کو حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :