امریکہ چین کے ساتھ باہمی اعتماد کی ترقی اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تیار

چین امریکہ تعلقات ساری دنیا کے امن و استحکام کیلئے ضروری ہیں، امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کی چینی ریاستی کونسلر یانگ جے چھی سے ٹیلی فونک بات چیت

بدھ 22 فروری 2017 16:46

واشنگٹن /بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 فروری2017ء) امریکہ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ باہمی اعتماد کی ترقی اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلے تیار ہیں ، چین امریکہ تعلقات ساری دنیا کے امن و استحکام کیلئے ضروری ہیں ۔

(جاری ہے)

بدھ کو چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چینی ریاستی کونسلر یانگ جے چھی سے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے ٹیلی فونک گفتگو کی جس میں چینی کونسلر نے کہا پہلے چینی صدر شی جن پنگ اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی فونک گفتگو میں چین امریکہ تعلقات کی سیاسی بنیاد اور مختلف شعبوں میں تبادلے اور تعاون کے حوالے سے اتفاق رائے طے پایا اور چین امریکہ تعلقات کے فروغ کی بنیاد رکھی ۔

انہوں نے کہا دونوں ممالک عدم تصادم، باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کے اصول پر قائم رہتے ہوئے اعلیٰ سطحی تبادلے کو مضبوط بنائیں گے حساس مسائل سے مناسب طریقے سے نمٹیں گے اور تعلقات کو بڑھائیں گے اس موقع پر ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ امریکہ اور چین دنیا کے دو اہم ممالک کے طور پر دو طرفہ تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے اور ساری دنیا کے امن و استحکام کیلئے لازمی ہیں امریکہ چین کے ساتھ باہمی اعتماد و تعلقات کی ترقی اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تیار ہے۔