ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کا اعلیٰ سطحی وفد مارچ کے آخر یا اپریل کے شروع میں اٹلی اور فن لینڈ کا دورہ کرے گا

بدھ 22 فروری 2017 14:16

فیصل آباد۔22 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کا اعلیٰ سطحی وفد مارچ کے آخر یا اپریل کے شروع میں اٹلی اور فن لینڈ کا دورہ کرے گا اور مذکورہ تجارتی وفد دو طرفہ تجارت کے فروغ ، برآمدات بڑھانے اور ایک دوسرے کی منڈیوں سے استفادہ کیلئے اہم اقدامات بھی یقینی بنائے گا۔یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے لاہور میں فن لینڈ کی اعزازی قونصل ڈاکٹر دُرِ ایس احمد سے ملاقات کے دوران بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے جنوری میں فن لینڈ کیلئے تجارتی وفد بھیجنے کا پروگرام تھا مگر وہاں شدید سردی کی وجہ سے اس کو ملتوی کر دیا گیا ہے تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ مارچ کے آخری ہفتہ یا اپریل کے پہلے ہفتہ میں اٹلی جانے والے وفد کے پروگرام میں فن لینڈ کو بھی شامل کر لیا جائے۔

(جاری ہے)

فن لینڈ کی اعزازی ڈاکٹر دُرِ ایس. احمد نے بتایا کہ فن لینڈ کی آبادی صرف 5 ملین ہے مگر اس کی معیشت بہت مضبوط ہے ۔

فن لینڈ کا شمار دنیا میں جدید موبائل ٹیکنالوجی ، سولر پینلز اور پیپر تیار کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فن لینڈ پارٹنرشپ پروگرام کی محترمہ شیوایلبرگ فن لینڈمیں بزنس کے مواقعوں کے بارے میں آگاہی دینے کیلئے فیصل آباد آ رہی ہیں۔ وہ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کے تعاون سے فن لینڈ سے تجارت بڑھانے کے بارے میں سیمینار سے بھی خطاب کریں گی جس سے پاکستان میں فن لینڈ کے سفیر عزت مآب ردلی شوکانن بھی شرکت کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ چاہتی ہیں کہ اس سیمینار کو دونوں ملکوں کیلئے مفید اور فائد ہ مند بنانے کیلئے اس سیمینار میں دو طرفہ تعاون بڑھانے والے سنجیدہ ممبران کو مدعو کیا جائے۔ اس موقع پر یونائیٹڈ انڈسٹریز کے محمد عمران رانا اور دیگر تاجربھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر دُرِ ایس احمد سنٹر فار دی سٹڈی آف جنڈر اینڈ کلچر لاہور کی چیئرپرسن اور سینئر ریسرچ فیلو بھی ہیں۔

متعلقہ عنوان :