باغبانوں کوسدا بہار پودوں کی باقاعدہ شاخ تراشی پھل کی برداشت کے فوراً بعد موسم بہار کے آغاز سے پہلے کرنے کی ہدایت

بدھ 22 فروری 2017 14:00

فیصل آباد۔22 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2017ء) محکمہ زراعت نے باغبانوں کوسدا بہار پودوں کی باقاعدہ شاخ تراشی پھل کی برداشت کے فوراً بعدجبکہ پت جھڑ پودوں کی شاخ تراشی موسم بہار کے آغاز سے پہلے کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ باغبان پھلدار پودوں کو تندرست و توانا رکھنے، پھل کی کوالٹی کو بہتر کرنے اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے شاخ تراشی یقینی بنائیں نیزشاخ تراشی تیز دھارقینچی یا آری سے کی جائے تاکہ پودے کو زیادہ نقصان سے بچایا جاسکے ۔

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ مناسب شاخ تراشی پودوں کو تندرست و توانا رکھنے اور بہتر پیداوار کے حصول کیلئے اہم ہے کیونکہ اس سے پودے کی مطلوبہ جسامت ،اونچائی اور پھیلاؤ برقرار رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ شاخ تراشی سے پھل کی کوالٹی،حجم، رنگت، ذائقہ وغیرہ بہتر اور پرانے پودوں میں دوبارہ پیداواری صلاحیت پیدا کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شاخ تراشی سے پودوں میں چاروں طرف ایک جیسی بڑھوتری ہوتی ہے اس طرح تیز آندھی کی صورت میں بھی پودا ٹوٹتا یا گرتا نہیں۔ انہوںنے بتایاکہ شاخ تراشی کے ذریعے پودے کی مناسب اونچائی رکھنے اور پھل توڑنے میں آسانی ہوتی ہے اور پودے کا مناسب پھیلائو رکھ کر ایک ایکڑ میں زیادہ پودے لگا کر زیادہ پیداوار لی جاسکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :