پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ منصوبوں میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہا جائے گا‘ناہید میمن

منگل 21 فروری 2017 22:42

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) سی پیک منصوبوں میں چینی حکومت کو ایڈوائس دینے اور اور ان منصوبوں میں چینی حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے والی کمپنی چائنا انٹرنیشنل انجیئنرنگ کارپوریشن (CIECC)کے 12 رکنی وفد نے چینی انٹرنیشنل بزنس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل وینگ پنگ کی قیادت میں چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن سے منگل کو ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے حکومت چین کی جوائنٹ کوآرڈینشن کمپنی (جے سی سی )کے فیصلوں کے تحت سندھ اور کراچی میں پانی کی فراہمی کے منصوبوں اور پانی فراہمی کے موجودہ انفرااسٹرکچر میں بہتری لانے کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ سندھ حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بنیادوں پر منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو نہ صرف خوش آمدید کہے گی بلکہ ان کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات اور مراعات بھی مہیا کرنے کا واضح پروگرام رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پاکستا ن کا سب سے بڑا منصوبہ سندھ اینگرو کول مایننگ پروجیکٹ تھر میں لگایا گیا ہے جبکہ پاکستان کا پہلا پبلک پرائیوئٹ پارٹنر شپ منصوبہ حیدرآباد میر پور خاص ڈبل کیرج وے بھی سندھ میں ہی مکمل ہو رہا ہے اس لحاظ سے سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے لئے موزوں ترین صوبہ ہے۔ اجلاس میں پانی کی فراہمی کے منصوبوں اور پانی کے موجودہ انفرااسٹرکچر میں بہتری کی اسکیموں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلے میں پیشرفت پر اتفاق کیا گیا۔