نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کے سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمٰن کی زیر صدارت ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس،چیئرمین پی ٹی اے کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم،کمیٹی علاقائی اور عالمی مارکیٹ میں سپیکٹرم کی نیلامی کے پہلوئوں کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی

منگل 21 فروری 2017 22:42

نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز کے سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے وزیر مملکت انفارمیشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز (این جی ایم ایس) کے قابل نیلام سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن کی صدارت میں ہوا۔ منگل کو ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی رضوان بشیر خان، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سیّد اسماعیل شاہ سمیت وزارت آئی ٹی، وزارت خزانہ، وزارت قانون و انصاف، پی ٹی اے اور نیب کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

چیئرمین پی ٹی اے نے مختلف تجاویز اور ادارہ کی رپورٹ کے حوالہ سے مشاورت کے عمل کی تعریف کی۔ کمیٹی نے علاقائی اور عالمی ٹیلی کام مارکیٹ کی اس حوالہ سے جامع جائزہ رپورٹ مرتب کرنے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کیلئے چیئرمین پی ٹی اے کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

(جاری ہے)

یہ کمیٹی علاقائی اور عالمی مارکیٹ میں حال ہی میں اس سپیکٹرم کی نیلامی کے پہلوئوں کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔

انوشہ رحمن نے زور دیا کہ موازنہ جاتی جائزہ رپورٹ جلد مکمل کی جائے تاکہ سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے اقدامات کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری ترجیح ہے کہ آئندہ سپیکٹرم کی نیلامی شفاف اور غیر جانبدارانہ طریقہ کار کے تحت کی جائے تاکہ اس کے ثمرات ایماندارانہ طور پر ملک کی 60 فیصد نوجوان نسل کو پہنچ سکیں۔ انوشہ رحمن نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے فروغ کے پیش نظر نئے سپیکٹرم کی نیلامی موبائل براڈ بینڈ مارکیٹ اور ٹیلی کام آپریٹرز کیلئے بڑی اہمیت اور دلچسپی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے سپیکٹرم کی نیلامی سے ملک میں ترقی و خوشحالی کا نیا انقلاب آئے گا۔