مراکش اور کرغزستان کے نامزد سفیروں نے صدر مملکت ممنون حسین کو اپنی اسناد تقرری پیش کیں،پاکستان تمام ممالک بالخصوص پڑوسی ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے،صدر ممنون حسین

منگل 21 فروری 2017 22:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) مراکش اور کرغزستان کے نامزد سفیروں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ایک تقریب کے دوران صدر مملکت ممنون حسین کو اپنی اسناد تقرری پیش کیں۔ بعد ازاں سفیروں نے صدر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک بالخصوص پڑوسی ممالک کے ساتھ امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے جو سرمایہ کاری و تجارت کے زبردست مواقع پیش کرتی ہے۔ انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں سے کہا کہ وہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خاتمہ کا عزم کر رکھا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رہے گی۔ صدر نے پاکستان کیلئے نئے نامزد سفیروں کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ اپنے متعلقہ ممالک کے پاکستان کے ساتھ موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے پاکستان میں سفیروں کے خوشگوار قیام کیلئے اپنی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔