بلدیاتی انتخابات کے بعد بھی منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ضلع غربی میں نظر انداز کیا جارہا ہے ، سبحان علی ساحل

تحریک انصاف کے منتخب نمائندے صوبائی حکومت اور ڈی ایم سی ویسٹ کے افسر شاہی کو 72گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں اگر انہوں نے ہمارے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ کوشش نہیں کی تو پھر ہم بھرپور عوامی احتجاج کریں گے، پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 21 فروری 2017 22:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) بلدیاتی انتخابات کے بعد بھی منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ضلع غربی میں نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ تحریک انصاف کے منتخب نمائندے صوبائی حکومت اور ڈی ایم سی ویسٹ کے افسر شاہی کو 72گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہیں اگر انہوں نے ہمارے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ کوشش نہیں کی تو پھر ہم بھرپور عوامی احتجاج کریں گے اور حالات کی خرابی کی تر ذمہ داری سندھ حکومت اور ڈی ایم سی ویسٹ کے افسر شاہی پر عائد ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار منگل کو کراچی پریس کلب میں پی ٹی آئی کے رہنما سبحان علی ساحل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر چیئر مین شجاعت علی خان ایڈوکیٹ، چیئرمین شاہنواز جدون، چیئرمین حاجت خان، چیئرمین افسر خان خٹک، وائس چیئرمین عبد اللہ جان، وائس چیئرمین دوا خان صابر، وائس چیئرمین حق نواز خان، وائس چیئرمین ڈاکٹر کبیراور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سبحان علی ساحل نے کہا کہ ضلع غربی کے مختلف علاقوں میں کچرے کا انبار لگے ہوئے ہیں ۔ کچرا اٹھانے والے زیادہ تر گاڑیاں خراب ہیں لیکن ان گاڑیوں کے ڈیزل کی مد میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی جا رہی ہے۔ انھوں کہا کہ ضلع غربی میں جہاں تحریک انصاف کے نمائندے منتخب ہوئے ہیں انہیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے اور ان کی یونین کمیٹیوں میں پیپلز پارٹی اپنے عہدیداران کے نام پر ترقیاتی فنڈ جاری کرتی ہے جو کہ منتخب نمائندوں کے ساتھ سراسر ظلم اور زیادتی ہے۔

اگر سندھ حکومت اور ڈی ایم سی کے اعلیٰ حکام نے صرف پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے نمائندوں کو نوازنا ہے تو بلدیاتی انتخابات کیوں کروائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈی ایم سی ویسٹ میں کروڑوں روپے کے جعلی کوٹیشن بنائی جاتی ہیں جو افسران کی ملی بگھت سے کرپشن کی نظر ہو جاتی ہیں۔ ہر کوٹیشن پر 60سے 70فیصد کمیشن ایڈوانس وصول کیا جاتا ہے۔

انھوں نے الزام عائد کہا کہ ڈی ایم سی ویسٹ اور واٹر بورڈ کی ملی بھگت سے ضلع غربی اور خصوصاً کیماڑی میں پانی بیچا جا رہا ہے لیکن علاقہ مکین پینے کے صاف پانی کی ایک ایک بوند کے لئے ترس رہے ہیں۔ سبحان ساحل نے مزید کہا کہ حماد این ڈی خان جو کہ پیپلز پارٹی کے بڑے رہنما کا بیٹا ہے انہیں اس وجہ سے کیماڑی ٹائون کا فوکل پرسن بنایا گیا ہے۔ کیماڑی زون کے مختلف 5سی6اداروں کے چارج ان کے پاس ہیں ۔اس کے علاوہ پورے ڈی ایم سی ویسٹ کے معاملات حماد این ڈی خان خود دیکھتے ہیں جو کہ اتنے زیادہ چارج رکھنا قانوناً جرم ہے ۔