وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی میڈیکل کالج تیمرگرہ کے قیام کیلئے ضروری لوازمات پوراکرنے کی ہدایت

منگل 21 فروری 2017 21:54

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے ضلع لوئر دیر کے صدر مقام تیمر گرہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے اہم منصوبے کو مرحلہ وار عملی جامہ پہنانے اور اس مقصد کیلئے ضروری لوازمات پورا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ضلع لوئر دیر میں میڈیکل کالج کے قیام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس کے شرکاء میں سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ ، صوبائی وزیر مظفر سید ایڈوکیٹ ، مشیر برائے ہائر ایجوکیشن مشتاق غنی، ایم این اے طارق اللہ، سیکرٹر یز خزانہ و صحت، وی سی خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ، پرنسپل سیکر ٹری برائے وزیر اعلیٰ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کالج کی اراضی خریدنے اور عملے کی بھرتی کے لئے پلان پر نظر ثانی اور یہ سکیم مرحلہ وار دو سے تین سال میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایسا کرنا صوبے کے محدود مالی وسائل اور علاقے کی تعلیمی و طبی ضروریات کے پیش نظر ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس مقصد کے لئے گورنمنٹ گرلز کامرس کالج کی حالیہ مکمل شدہ نئی عمارت کو استعمال میں لانے کا فیصلہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علاقے کے عوام کی دیرینہ خواہش کی تکمیل ہر صورت میں ہو گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم اعلیٰ پیشہ ورانہ تعلیم کی طرف توجہ دیں نئی یونیورسٹیوں کا قیام ہی قوم کی ترقی کا ضامن ہے موجودہ حکومت کی طرف سے تعلیمی اور طبی ایمرجنسی کا نفاذ اسی مقصد کے پیش نظر کیا گیا ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس ضمن میں کافی پیش رفت کی گئی ہے۔

انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ معیار ی تعلیم کی بہتری اور طبی سہولیات میں اضافے کے لئے صوبے کے ہرضلع میں یونیورسٹی کیمپس اور فعال ہسپتال ہونے چاہئیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر ہی ٰ تعلیم اور صحت کے بہترمواقع میسر آئیں۔

متعلقہ عنوان :