پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات انڈیا کی شہ پر ہو رہے ہیں، سیاسی و مذہبی رہنما

سہون دھماکہ اقتصادی راہداری اور استحکامِ پاکستان کے خلاف سازش کا حصہ ہے، حکومت وزیر دفاع خواجہ آصف سے غلط بیانی پر فوری استعفیٰ لیں، حافظ سعید کے خلاف بیان سے پاکستانیوں کے علاوہ کشمیریوں کو بھی دکھ پہنچا ہے، مشترکہ بیان

منگل 21 فروری 2017 21:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 فروری2017ء) سیاسی و مذہبی رہنمائوں، علماء کرام اور درگاہوں کے گدی نشین حضرات نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات انڈیا کی شہ پر ہو رہے ہیں۔ سہون دھماکہ اقتصادی راہداری اور استحکامِ پاکستان کے خلاف سازش کا حصہ ہے۔ حکومت وزیر دفاع خواجہ آصف سے غلط بیانی پر فوری استعفیٰ لیں۔ حافظ سعید کے خلاف بیان سے پاکستانیوں کے علاوہ کشمیریوں کو بھی دکھ پہنچا ہے۔

حکومتی ارکان اپنے اقدامات سے مسلم لیگ کو ’’مودی لیگ‘‘ بنا رہے ہیں۔ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کلبھوشن کے معاملے پر حکومت کی مزید خاموشی برداشت نہیں کریں گے۔ ملک گیر سطح پر تحریک چلاکر انڈیا کی دہشت گردی اور کشمیر کی تحریک آزادی کے لیے رائے عامہ ہموار کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی، جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما قاری محمد یعقوب شیخ، کوٹ مٹھن کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین کوریجہ، جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، پیر عبدالشکور نقشبندی آف چکوال، جمعیت علمائے اسلام (س) سندھ کے امیر خواجہ عبدالمنان انور، جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل عقیل انجم، جے یو آئی (نورانی) کے رہنما مولانا حلیم غوری، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اسلم غوری، آل پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین مطلوب اعوان، جے یو آئی (س) سندھ کے سیکرٹری جنرل حافظ احمد علی، جماعة الدعوة کراچی کے رہنما حافظ محمد امجد و دیگر نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے کہا کہ سہون شریف میں ہونے والے دھماکے نے ہر پاکستانی کے دل کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے۔ یہ حملہ انسانیت کے خلاف حملہ ہے۔ یہ اقدام کسی درندے کا ہوسکتا ہے انسان کا نہیں۔ دہشت گردی کی حالیہ لہر پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت ہے۔ یہ پاکستان کی معیشت اور استحکام کے خلاف منظم سازش کا حصہ ہے۔ ہم اس کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ اس کے خلاف ملک بھر میں تحریک بھی چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا باقاعدہ منصوبے کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔ جس میں انڈیا کی ایجنسیاں باقاعدہ ملوث ہیں۔ ان بم دھماکوں کا مقصد سی پیک کے منصوبے کو ناکام بنانا ہے۔ حکومتی نمائندگان بھارتی ایجنٹ کلبھوشن کا نام لینے سے کیوں گریز کرتے ہیں۔ محمد علی دورانی نے کہا کہ میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ فوری طور پر بھارت کے سفیر کو طلب کرکے ان کو تنبیہ کی جائے۔

اقوام متحدہ میں انڈیا کی جارحیت پر آواز بلند کی جائے۔ نریندر مودی نے جلسوں کے دوران برملا طور پر پاکستان میں مداخلت کی بات کی ہے۔ درگاہوں، عدالتوں، مسجدوں، مدرسوں، بازاروں میں خون بہانے والوں کے خلاف آواز بلند کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی کو بھی مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انتہائی افسوس کی بات ہے وزیر دفاع خواجہ آصف نے جرمنی میں اپنے بیان کے ذریعے نہ صرف پاکستانیوں کو افسردہ کیا ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی دکھ پہنچایا ہے۔

حکومت حافظ سعید کے خلاف غلط بیان دینے پر خواجہ آصف سے استعفیٰ لیں۔ نہتے کشمیریوں پر مظالم دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ حکومت کی طرف سے مسلسل خاموشی شرمناک ہے۔ محمد علی دورانی نے کہا کہ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ حافظ محمد سعید کو فوری رہا کیا جائے۔ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو عدالت لے جایا جائے۔ پاناما اسکینڈل عدالت لے جایا جاسکتا ہے تو حافظ سعید کا کیس کیوں نہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم کا ذمے دار پاکستانی حکومت ہے۔ جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما قاری محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ سہون شریف کے درودیوار اس وقت بھی خون سے رنگین ہیں۔ یہ دہشت گردی بہت بڑی سفاکیت ہے، جس کے ذریعے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ لاہور، پشاور، چارسدہ سمیت تمام دہشت گردانہ کارروائیوں کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ یہ کام کرنے والے مسلمانوں میں سے نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دہشت گردی کی لہر کے پیچھے انڈیا ہے۔ پاکستان میں بم دھماکوں کو ملک پر حملہ تصور کرتے ہیں۔ حکمران بھارت کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنے پر نظرثانی کریں۔ بھارت کو کسی صورت سی پیک منصوبے میں شامل نہ کیا جائے۔ وہ کسی صورت پاکستان کو پرامن دیکھنا نہیں چاہتا۔ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والے کو اقتصادی راہداری کا حصہ دار کیسے بنایا جاسکتا ہے۔

یعقوب شیخ نے کہا کہ وزیر دفاع خواجہ آصف جرمنی میں بیٹھ کر حافظ محمد سعید کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں۔ وزیر دفاع بتائے وہ کس ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں حافظ محمد سعید کی جماعت نے ہمیشہ ملک میں فلاح عامہ کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ خواجہ آصف پاکستان کی نہیں مودی کابینہ کے رکن لگتے ہیں۔ انہوں نے مسلم لیگ کو مودی لیگ بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم الگ الگ رہ کر پاکستان کا دفاع نہیں کرسکتے۔

متحد ہوکر ہی ملک کا دفاع کیا جاسکتا ہے۔ جماعة الدعوة سال 2017ء کشمیر کے نام کرچکی ہے۔ ہماری جدوجہد اسی پر مرکوز رہے گی۔ کوٹ مٹھن کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین کوریجہ نے کہا کہ تمام گدی نشین اس بات پر متفق ہیں کہ درگاہ لعل شہباز قلندر پر حملہ فرقہ واریت نہیں بلکہ ملک دشمن قوتوں کی کارستانی ہے۔ ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ اس حادثے کو کسی فرقے سے نہ جوڑا جائے یہ انڈیا کی شرارت ہے۔ انڈیا نے باقاعدہ پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑ دی ہے۔ حکمران مزید کس بات کا انتظار کر رہے ہیں۔#