خود کش بم دھماکہ میں ملوث سفا ک دہشت گرد ضرب عضب میں بچ جانیوالے دہشت گردوں کی باقیات ہیں ، ڈاکٹر فاروق ستار

منگل 21 فروری 2017 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2017ء) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے چارسدہ میں خود کش بم دھماکہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور دھماکہ کے نتیجے میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ چارسدہ خود کش بم دھماکہ میں ملوث سفا ک دہشت گرد آپریشن ضرب عضب میں بچ جانے والے دہشت گردوں کی باقیات ہیں جنہو ں نے منظم منصوبہ بندی کے تحت پورے ملک میں بم دھماکوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حضرت بلاول شاہ نورانی ، لاہور اور حضرت لعل شہباز قلندر ؒ کی درگاہ پر بم دھماکوں کے بعد چارسدہ میں خود کش بم دھماکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ درندہ صفت دہشت گرد ملک کی سلامتی کے درپے ہیں اور دہشت گردی اور بم دھماکوں کے ذریعے معصوم و بے گناہ انسانوں کو خا ک و خون میں نہلا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کیاجائے اور اس میں موجود خامیوں کا از سر ِ جائز ہ لیاجائے تاکہ ملک و قوم کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے اور دہشت گردوں کامنظم انداز میں قلع قمع کیاجاسکے ۔

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے واقعات سے کسی قوم کو جھکایا نہیں جاسکتا ، پاکستانی قوم متحد ہے اور متحد رہے گی اور اسی اتحاد کے ذریعے انشاء اللہ ملک سے دہشت گردوں کا صفایا ہوگا ۔انہوں نے خود کش بم دھماکہ میں شہید ہونے والے تمام افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے ۔

انہوں نے بم دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور ان کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعا بھی کی ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے وزیراعظم نواز شریف ، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ چارسدہ بم دھماکہ میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کے سلسلے کے خاتمہ کیلئے قومی اجلاس بلایاجائے جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بھی شریک کیاجائے اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ٹھوس اور مثبت حکمت تربیت دی جائے ۔