اسفندیارولی خان کی تنگی کچہری میں خودکش حملہ آوروں کے حملے کی مذمت

منگل 21 فروری 2017 17:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے چارسدہ کچہری میں خودکش حملہ آوروں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افسوسناک سانحے میں بے گناہ افراد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی ہے، اپنے مذمتی بیان میں اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ دہشت گرد نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث منظم ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاک افغان کشیدہ صورتحال کا فائدہ دہشت گردوں کو ہو رہا ہے اور صورت حال بہتر نہ بنائی گئی تو اس کے بھیا نک نتائج سامنے آئیں گے، انہوں نے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ اے این پی ان کے دکھ اور غم میں برابر کی شریک ہے،انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے پڑے گا،اور دہشت گردوں کے سہولت کار جہاں کہیں بھی ہوں ان کے خلاف بلا امتیاز کاروائی کی جانی چاہئے۔