حکومت خلیج عرب اور بحر عمان کے ساحلوں کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، اکبر ترکان

منگل 21 فروری 2017 16:15

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) ایرانی صدر حسن روحانی کے مشیر اور ایران میں آزاد علاقوں کی کمیٹی کے سربراہ اکبر ترکان نے کہاہے کہ ان کی حکومت خلیج عرب اور بحر عمان کے ساحلوں کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ترکان کے مطابق اس منصوبے کا پہلا ہدف ساحلوں کی آبادی کو 15 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ تک پہنچانا ہے۔

اس سلسلے میں ملک کے مختلف صوبوں سے 25 لاکھ شہریوں کو خلیج عربی کے ساحلوں پراور دیگر 25 لاکھ کو بحر عمان کے ساحلوں پر منتقل کیا جائے گا، آئندہ 55 برسوں میں وہاں کی آبادی 15 لاکھ سے بڑھ کر 50 لاکھ افراد ہو جائے گی۔ترکان نے مزید بتایا کہ 5 بڑے اقتصادی مراکز قائم کئے جائیںگے اور جنوبی ساحلوں پر 5 لاکھ افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایرانی حکومت نے کئی اقدامات کیے ہیں جن میں ملک کے جنوبی صوبے فارس کو توسیع دے کر خلیج عربی سے ملانے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔اس مقصد کے لیے صوبہ ہرمزگان کے ساحلی حصوں کو کاٹ کر علیحدہ کرنے کی مہم شروع کی گئی جن میں خلیج عربی کے ایک جانب پھیلے ہوئے عرب دیہات اور علاقے شامل ہیں۔ تاہم ان علاقوں کے رہنے والوں کی جانب سے احتجاج کے سبب اس مہم کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ترکان نے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کے لئے مطلوب بجٹ مختص کرنے کے حق میں رائے شماری کی جائے۔

متعلقہ عنوان :