جمہوریت کا تسلسل ہی دہشت گردی سمیت تمام مشکلات کا بہترین حل ہے،وفاقی وزیر انجنیئر خرم دستگیر خان

اتوار 19 فروری 2017 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2017ء) وفاقی وزیر تجارت انجنیئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جمہوریت کا تسلسل ہی دہشت گردی سمیت تمام مشکلات کا بہترین حل ہے، ہفتے کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ہمارے امن اور نظام کو تباہ کرنے کے لیے کوشاں ہیں لیکن انہیں ان کے ناپاک عزائم میںکسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت نے جونہی اقتدار سنبھالا ہماری قیادت نے ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات شروع کیے، ہم یہ تو نہیں کہتے کہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ موجودہ حکومت کے شروع کردہ آپریشن ضرب عضب سے آج ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے اور آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے کافی بہتر اور پر امن ہے جو ترقی بھی کر رہا ہے، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے کیے گئے اقدامات کو عالمی برادری بھی سراہتی ہے جن کی بدولت دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے میں بھی کامیاب ہو جائیں گے، وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے جڑ سے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور ہم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، انہوں نے کہا کہ ہماری قوم، حکومت اور مسلح افواج پرعزم ہیں کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :