چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن سانحہ سیہون کے لواحقین کے گھر پہنچ گئیں

وزیراعظم محمد نواز شریف غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں،مٹھی بھر دھشتگردوں کا جلد ہی خاتمہ کیا جائے گا،ماروی میمن

ہفتہ 18 فروری 2017 23:17

چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن سانحہ سیہون کے لواحقین کے گھر پہنچ ..
شہدادپور - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن وزیراعظم محمد نواز شریف کی خاص ہدایات پر سانحہ سیہون میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے دکھ درد بانٹنے اور تعزیت کے لیے ضلع سانگھڑ کے تعلقہ شہدادپور کے گائوں بقا محمد ڈاہری اور مہر علی تالپر پہنچ گئیں جہاں انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے نوجوانوں محمد صدیق ڈاہری ولد سومار ڈاہری اور راجا ولد چھٹو خاصخیلی کے لواحقین سے تعزیت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ہم سب آپ لوگوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ماروی میمن نے کہا کہ صوفیوں کی دھرتی پر خون بہانے والوں کا خاتمہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دھشتگرد چوری چھپے پرامن شہریوں پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم جلد ہی ان کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دھشتگردوں کو صوفیوں کی دھرتی پر بہائے ہوئے خون کا حساب دینا ہوگا۔اس موقع پر ڈی جی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نعیم انور اور میڈیا کوآرڈینیٹر شفقت حسین بھی انکے ہمراہ تھے۔