جب بھی کوئی سانحہ ہوتا ہے تو حکمران فوٹو سیشن کیلئے نکل آتے ہیں، حکومت ملک میں دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے ،موجودہ حکمرانوں نے پنجاب کی جیب کاٹ لی ، صوبہ 250ارب روپے کا مقروض ہے، اگر ہمیں اچھے ساتھی مل گئے تو حکمرانوں کی رسیدیں کاٹ دیں گے، حکمران پہلے خود پیک ہوں گے پھر سی پیک بھی ہو جائے گا

مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر پرویز الٰہی کاسیدا شریف میں ورکرز کنونشن میں خطاب

ہفتہ 18 فروری 2017 22:55

جب بھی کوئی سانحہ ہوتا ہے تو حکمران فوٹو سیشن کیلئے نکل آتے ہیں، حکومت ..
منڈی بہاؤالدین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ملک میں جب بھی کوئی سانحہ ہوتا ہے تو حکمران فوٹو سیشن کیلئے نکل آتے ہیں، حکومت ملک میں دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے ،موجودہ حکمرانوں نے پنجاب کی جیب کاٹ لی اور آج پنجاب 250ارب روپے کا مقروض ہے، اگر ہمیں اچھے ساتھی مل گئے تو حکمرانوں کی رسیدیں کاٹ دیں گے حکمران پہلے خود پیک ہوں گے پھر سی پیک بھی ہو جائے گا ۔

ہفتہ کوسیدا شریف میں ورکرز کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ2008میں جب ہم نے حکومت چھوڑی تو اس وقت صوبائی خزانے میں ایک سو ارب روپے موجود تھے لیکن موجودہ حکمرانوں نے پنجاب کی جیب کاٹ لی اور آج پنجاب 250ارب روپے کا مقروض ہے ۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکمران دعوے کرتے ہیں کہ انہوں نے عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کی ہیں وہ بتائیں کہ کہاں ہیں سہولتیں عام شہری کو تو ہسپتال میں بیڈ بھی نہیں ملتا اور وہ فرش پر ہی تڑپ تڑپ کر جان دے دیتا ہے انہوں نے کہا کہحکمران خود بیمار ہوں تو جہاز پر سوار ہو کر بیرون ملک جا کر اپنا علاج کراتے ہیں پاکستان کی کروڑوں عوام کو بھی بتائیں کہ وہ علاج کیلئے کہاں جائیں حکمران تو ہسپتالوں میں ایک بیڈ کا اضافہ بھی نہیں کر پائے۔

ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کی زراعت کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ہم کسانوں کو مفت بجلی دیتے تھے آج کسنا سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال یہ ہے کہ صرف لاہور میں روزانہ تین سو ڈکیتیاں ہو رہی ہیں ۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اگر ہمیں اچھے ساتھی مل گئے تو حکمرانوں کی رسیدیں کاٹ دیں گے حکمران پہلے خود پیک ہوں گے پھر سی پیک بھی ہو جائے گا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ ق پنجاب کے دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔