سیہون شریف میں جو قیامت گزری اس کے ذمہ دار حکمران ہیں ، ڈاکٹر حسین محی الدین

ایکشن پلان پر عمل نہ کرنا ،فوجی عدالتوں کو توسیع نہ دینا قومی جرم ہیں،سانحہ سیہون شریف کے پیش نظر ڈاکٹر طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ کی تقریبات دعائیہ تقریبات میں تبدیل کر دی گئیں تحریک منہاج القرآن کے صدر کا بیت الزہراہ،منہاج القرآن ویمن لیگ ،بزم قادریہ،فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں تقریبات سے خطاب

ہفتہ 18 فروری 2017 22:50

سیہون شریف میں جو قیامت گزری اس کے ذمہ دار حکمران ہیں ، ڈاکٹر حسین محی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) سانحہ شہباز قلندر کے پیش نظر پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ کی تقریبات کو انتہائی سادگی سے دنیا بھر میں منا یاجا رہا ہے۔سالگر ہ کی تقریبات کو دعائیہ تقریبات کے طور پر منعقد کیا گیا ۔شہداء اور زخمیوں کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔بزم قادریہ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا ہے کہ انسانیت کے قاتل کسی رعائت کے مستحق نہیں ،یہ اسلام اور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں ۔

امن سے محبت رکھنے والوں کو دہشتگردی کے خلاف متحرک ہونا ہو گا ۔مصلحتوں سے تائب ہو کر قومی ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عمل کرنا ہو گا تاکہ ان انسان نما درندوں کا سر کچلا جا سکے جو آئے روز انسانی خون سے ہولی کھیلتے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیہون شریف میں جو قیامت گزری اس کے ذمہ دار حکمران ہیں ملک کو آگ اور خون میں نہلانے والوں کو رعائت دینا ایکشن پلان پر عمل نہ کرنا ،فوجی عدالتوں کو توسیع نہ دینا یہ سب قومی جرم ہیں ۔

تقریب میں شہزاد رسول،سہیل رضا ،حاجی محمد اسحق،صاحبزادہ افتخار،شیخ عامر رفیع اور تحریک منہاج القرآن کے دیگر سنیئر رہنماء موجود تھے ۔اس موقع پر سیہون شریف کے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے دعا بھی کی گئی ۔ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ انتہا پسندی اسلام اور پاکستان دونوں کیلئے زہر قاتل ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے ہمیشہ جرات سے کام لے کر مٹھی بھر لوگوں کی زہریلی فکر سے انسانیت کو بچانے کا فریضہ انجام دیا ہے ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے دہشتگردی کے خلاف تاریخی فتویٰ دے کر اس باب میں کام کرنے کے راستے کھول دئیے ہیں ،انکا فتویٰ جرات مندانہ تصنیف ہے ،جس کا مطالعہ ہر پاکستانی کو کرنا چاہیے ۔سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ کے موقع پر یتیم و بے سہارا بچیوں کے ادارہ ’’ بیت الزہراہ‘‘ میں بھی پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ،جس میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین،سیکرٹری جنرل PAT خرم نواز گنڈا پور ،وائس چانسلر منہا ج یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسلم غوری،بریگیڈئر(ر) اقبال احمد خان ،کرنل (ر) محمد احمد ،سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی ،عدنان جاوید ،مشتاق احمد ،عبد الرحمان،ایڈمنسٹریٹر مدثرہ بلوچ اور طالبات کی بڑی تعداد شریک تھی ۔

مدثرہ بلوچ نے ادارہ بیت الزہراہ کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ادارہ بیت الزہراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے ویلفیئر سٹیٹ ویثرن کی عملی تصویر ہے ۔تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری انسانیت کی فلاح و بہبود اور یتیموں و بے سہارا کی مدد ایسے انداز میں کر رہے ہیں کہ انکی عزت نفس مجروح نہ ہو ۔ڈاکٹر طاہر القادری ایسے خوشحال معاشرے کی تعمیر چاہتے ہیں جس میں نادار اور مفلس کی مدد انکا حق سمجھ کر کی جائے ۔

بیت الزہراہ جیسے اداروں کا وجود انسانیت کیلئے فخر ہے ۔ فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ماڈل ٹائون میں بھی ڈاکٹر طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور انکی علم ،تحقیق اور امن عالم کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔تقریب میں سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور ،رانا فاروق،جی ایم ملک،عین الحق بغدادی ،فیض اللہ بغدادی،ثناء اللہ،عبد الستار منہاجین،عمران شوکت ،اقبال چشتی و دیگر موجود تھے ۔

دریں اثناء منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں بھی ڈاکٹر طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت فضہ حسین قادری نے کی ،معروف ادیبہ شیبہ طراز ،اداکارہ نشو بیگم ،افنان بابر ،زینب ارشد ،عائشہ مبشراور منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے ڈاکٹر طاہر القادری کی سیاسی،علمی اور فلاحی خدمات پر روشنی ڈالی۔

فرح ناز نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری اس صدی کے بڑے انسان ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری کا وجود سراپا امن و محبت ہے اس لئے ان کے ادا کئے ہوئے ایک ایک لفظ سے انسانیت کیلئے محبت و سلامتی کے پھول کھلتے ہیں ۔شیبہ طراز نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کا الائو پر ڈاکٹر طاہر القادری کے پر امن نظریات کی بارش سے سرد ہو جائے گا ۔ایک ہزار کتابوں کے مصنف ،6000لیکچرز،100 سے زائد ممالک میں منہاج القرا ٓن کا پھیلائو،600 سکولز،چارٹرڈ یونیورسٹی،ہزاروں طلبہ ڈاکٹر طاہر القادری کی تعلیم کے فروغ کیلئے کاوشوں کے گواہ ہیں ۔

معروف اداکارہ نشو بیگم نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی مذہبی،تعلیمی،فلاحی،امن عالم اور سیاسی خدمات کا وسیع دائرہ پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے ۔ڈاکٹر طاہر القادری کے مسودات امت کیلئے تاریخی ورثہ ہیں ۔انہوں نے امت مسلمہ پر وہ احسان کیا ہے جسے صدیوں یاد رکھا جائیگا ۔ڈاکٹر طاہر القادری کے دہشتگردی کے خلاف فتوے نے دہشتگردی اور فساد ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔تقریب میں سانحہ ماڈل ٹائون، سانحہ شہباز قلندر ،سانحہ لاہور،سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی اور دہشتگردی کے واقعات کی پر زور مذمت کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :