دہشتگردوں کو کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا ،معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا

صدر ممنون حسین کی گورنر سندھ سے ملاقات میں گفتگو ،سانحہ سیہون کے تناظر میں عوامی مقامات کی سیکیورٹی سخت کرنے کے اقدامات کا جائزہ

ہفتہ 18 فروری 2017 22:47

دہشتگردوں کو کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا ،معصوم انسانی جانوں ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے ہفتہ کو اسٹیٹ گیسٹ ہائوس میں صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران سیہون سانحہ کے تناظر میں صوبہ کے پبلک مقامات کی سیکیورٹی کو سخت کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے دہشت گردوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے دیگر امور صوبہ کے ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کو یقینی بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے میں کراچی سرکلر ریلوے اور صوبہ کے دیگر منصوبوں کی شمولیت پر بھی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے شروع ترقیاتی منصوبوں بشمول گرین لائن اور کراچی حیدرآباد موٹر وے (M9) کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت کی بہترین سہولت فراہم ہوگی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وڑن کے تحت کام کررہی ہے۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے پالیسیوںکے باعث ملک ترقی و خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہوچکا ہے اور صوبہ سندھ بھی اس کے ثمرات سے مستفید ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی سی پیک میں شمولیت سے نہ صرف اس کی جلد اور معیاری تکمیل میں مدد ملے گی، بلکہ شہریوں کو آمدورفت کی جدید اور متبادل سہولیت بھی فراہم ہوگی۔

متعلقہ عنوان :