سیہون,سانحہ کے شہدا کی باقیات کی بے حرمتی کا انکشا ف

ہفتہ 18 فروری 2017 22:40

سیہون,سانحہ کے شہدا کی باقیات کی بے حرمتی کا انکشا  ف
سیہون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2017ء)سانحہ سہون کے شہدا کی باقیات کی بے حرمتی کا انکشاف ہوا ہے،خودکش حملے میں شہدا کی باقیات نالے کے کنارے موجود ہیں ، آوارہ جانور اور پرندے ان اعضا کی بے حرمتی کررہے ہیں ۔اس ضمن میں ڈی سی جامشورو منور مہیسرنے کہا ہے کہ سیہون سانحے میں شہید افراد کی باقیات خود اکٹھی کرائی تھیں،معلوم نہیں اعضا نالے میں کہاں سے آئے۔

منور مہیسرنے کہا کہ معاملے کودیکھ رہاہوں کوتاہی ہوئی تو ایکشن لیاجائیگا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب دھماکے کے بعد سہون میں لعل شہباز قلندر کے مزار کے داخلی گیٹ پر واک تھرو گیٹ لگادیئے گئے، عارضی طورپر قطاریں بنانے کیلئے بانس پہنچادیئے گئے ہیں۔ پولیس نے محکمہ اوقاف سے سیکورٹی انتظامات کا مطالبہ کیا تھا۔ایس پی جام شورو طارق ولایت اورڈی سی جامشورو منور مہیسر نے درگاہ پر انتظامات کا جائزہ بھی لیا ۔ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ سہون میں سو سے زائد غیر رجسٹرڈ گیسٹ ہاوسزہیں ۔ یہ گیسٹ ہاوسز محلوں میں قائم ہیں جہاں ٹھہرنے والوں کا کوئی ریکارڈ نہیں رکھا جاتا ہے ۔مزید برآں مزار سے متصل بازار کو بھی کھول دیا گیا ہے ۔