ریلوے کی اربوں اور کھربوں روپوں مالیت کی پراپرٹی کا تحفظ کیا جائے گا‘ سعد رفیق

ہفتہ 18 فروری 2017 22:32

ریلوے کی اربوں اور کھربوں روپوں مالیت کی پراپرٹی کا تحفظ کیا جائے گا‘ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2017ء) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کی اربوں اور کھربوں روپوں مالیت کی پراپرٹی کا تحفظ کیا جائے گا، ریلویز کے ڈائریکٹوریٹ آف پراپرٹی اینڈ لینڈ کو مضبوط بنایا جائے گاکہ اپنی زمینوں کے استعمال سے ریلوے کا محکمہ اپنی آمدن میں قابلِ قدر اضافہ کرسکتاہے ۔ ریلوے نے تین سال کی مدت میں دو ارب مالیت کی ایک ہزار ایکڑ سے زائد زمین قبضہ مافیا سے واگزار کروالی ہے اب اس مہم میں مزید تیزی لائی جائے گی۔

ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے ڈائریکٹوریٹ آف پراپرٹی اینڈ لینڈ میں انسٹی ٹیوشنل ریفارمز اور ری سٹرکچر نگ کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی جو اس حوالے سے تجاویز کو حتمی شکل دے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز محمد جاوید انور، مشیر ریلویز انجم پرویز ، ایڈیشنل جنرل منیجرہمایوں رشید، چیف انجینئر اوپن لائن بشارت وحیداور دیگر ریلوے حکام نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ریلوے لینڈ کے ریکارڈ کی کمپوٹرئزیشن کے حوالے سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ لینڈ ریکارڈ کی انفارمیشن مینجمنٹ میں 95فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔ وزیر ریلویز نے کہاکہ زمینوں کا سروے کرنے والے سٹاف کو سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں اپنا کام مکمل کرنے کے لئے مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ایک دوسرے اجلاس میں پاکستان ریلویز کے شعبہ ڈیزائن کو زیادہ متحرک اور فعال بنانے کے حوالے سے بھی تجاویز کا جائزہ لیا۔

متعلقہ عنوان :