بم دھماکوں سے عوام کے دلوں سے صوفیاء کی محبت ختم نہیں کی جا سکتی،علامہ شا ہ عبد الحق قادری

لعل شہباز قلندر کے المناک سانحہ کی بہت مذمت ہو چکی اب دہشت گردوں کے خلاف بھر پور مزاحمت کرنا ہو گی ،امیرجما عت اہلسنّت کراچی کی اجلاس سے گفتگو

ہفتہ 18 فروری 2017 22:22

بم دھماکوں سے عوام کے دلوں سے صوفیاء کی محبت ختم نہیں کی جا سکتی،علامہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2017ء) جما عت اہلسنّت کراچی کے امیر علامہ شا ہ عبد الحق قادری نے کہا کہ اولیاء کرام کے مزارات پر بم دھماکے منظم سازش ہے ، ، اللہ کے ولی کے دربار کو خون میں نہلانے والے درندہ صفت ملزمان غضب ِ الٰہی سے نہیں بچ سکیں گے۔ انہوں نے سیہون درگاہ لعل شہباز قلندر کے المناک سانحہ پر کہا کہ بہت مذمت ہو چکی اب دہشت گردوں کے خلاف بھر پور مزاحمت کرنا ہو گی،روایتی اقدامات اور بیانات کے بجائے عملی کام ہونا چاہیے۔

بم دھماکوں سے عوام کے دلوں سے صوفیاء کی محبت ختم نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے جما عت اہلسنّت کراچی ذمہ داران کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اگر سانحہ نشتر پارک اور داتا دربار دھماکوں کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا یا جا تا تو شاید قلندر کی دھرتی دہشت گردی سے محفوظ رہتی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوفی حسین لاکھانی ،مولانا ابرار احمد رحمانی،علامہ نا صر خان ترابی،مولانا الطاف قادری ،مولانا عبد الحفیظ معارفی،مولانا کامران قادری ،غفران احمد بھی شریک تھے۔

اجلاس میں طے پایاکہ درگاہ سخی لعل شہباز قلندر ؒ اور دیگر مزارات اولیاء کرام پر دہشت گردوں کے حملوں ،مزارات پر ناقص سیکیورٹی اور سندھ حکومت کے بے حِسی کے خلاف جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے تحت اتوار 19 فروری دوپہر 01:30 بجے ،دفتر جما عت اہلسنّت کراچی نزد پاکستان چوک شاہرہ لیاقت سے وزیر اعلیٰ ہائوس تک احتجاجی مارچ کیا جائے گا ۔ علامہ سید شاہ عبد الحق قادری ،حاجی حنیف طیب،علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی و دیگر علماء و قائدین اہلسنّت قیادت کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ جما عت اہلسنّت شہداء و زخمیوں کے کے غم میںبرابر شریک ہے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ علامہ شاہ عبد الحق نے لاء انفورسمنٹ اداروں سے مطالبہ کیا کہ مزارات پر جانے کو شرک و بدعت کہنے والے مولویوں اور مدارس کو بھی شامل تفتیش کیا جائے۔ دہشت گردی کے مسلسل واقعات سے نیشنل ایکشن پلان کھٹائی میں پڑتا نظر آ رہا ہے ۔کالعدم تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کو کچلنے کیلئے آپریشن عضب کا دائرہ پورے ملک میں پھیلایا جائے ۔ #

متعلقہ عنوان :