مہمند ایجنسی ،تحصیل صافی آدم زئی قبیلے کے مشران و کشران کا مشترکہ جرگہ

زیارت ماربل پہاڑ کا ٹھیکیداران کے ساتھ ہمارا معیاد ختم ہو چکا ہے مگر دو سال سے زبردستی ماربل لے جارہے ہیں چھ اقوام سراپا احتجاج ہو کر ایک ہفتے سے پہاڑ کے دامن میں دھرنا دئیے بیٹھے ہیں،ٹھیکیداران کو مزید معیاد نہیں دینگے بلکہ قوم خود قانون کے مطابق پہاڑ سے ماربل نکالنا چاہتے ہیں، پولیٹیکل انتظامیہ ہمارے گرفتار مشران کو رہا کرکے مصالحتی جرگہ تشکیل دے،مقررین کا خطاب

ہفتہ 18 فروری 2017 22:17

مہمند ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 فروری2017ء) مہمند ایجنسی تحصیل صافی آدم زئی قبیلے کے مشران و کشران کا مشترکہ جرگہ، زیارت ماربل پہاڑ کا ٹھیکیداران کے ساتھ ہمارا معیاد ختم ہو چکا ہے۔ مگر دو سال سے زبردستی ماربل لے جارہے ہیں۔ جس پر چھ اقوام سراپا احتجاج ہو کر ایک ہفتے سے پہاڑ کے دامن میں دھرنا دئیے بیٹھے ہیں۔ٹھیکیداران کو مزید معیاد نہیں دینگے بلکہ قوم خود قانون کے مطابق پہاڑ سے ماربل نکالنا چاہتے ہیں۔

پولیٹیکل انتظامیہ ہمارے گرفتار مشران کو رہا کرکے مصالحتی جرگہ تشکیل دے۔ ان خیالات کا اظہار تحصیل صافی زیارت مسعود آدم زئی قبیلے کے ذیلی شاخوں شیخ کلے، حاجی کلے،عذ کور ، نشان کلے، شوہ فرش اور جھنڈا مسعودکے مشران و کشران کے جرگے سے زیارت ماربل پہاڑ کے دامن میں ہفتے کے روزمنعقدہ جرگے سے ملک حاجی ہاشم خان ، ملک اعلان خان، ملک حاجی عالم خان ، قاری ضیاء الحق،حاجی زرداد خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زیارت ماربل پہاڑ مذکورہ اقوام کی زمینی شاملات اور ملکیت ہے۔ ہم نے قومی مشاورت سے چھ ٹھیکداران کے ساتھ بارہ سال کے لئے ماربل کانوں کا معاہدہ کیا تھا۔2012 میں معیاد پوری ہونے کے بعد پولیٹیکل انتظامیہ کی توسط سے پھر چار سال کے لئے معاہدہ کیا گیا۔جس کی معیاد ختم ہونے کا دوسرا سال ہے۔ مگر ٹھیکیداران زبردستی ماربل لے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم مزید ان ٹھیکیداران کے ساتھ معاہدے کی تجدید کے لئے تیار نہیں ۔ بلکہ ہمارے اپنے قوم کے ٹھیکیداران خود لیز لے کر اپنے ماربل نکالنا اور کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔یہ ہماری ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کا ذریعہ معاش ہیں۔ اور ہمارے بچوں کا رزق اس سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداران کے ساتھ ہمارے معاہدے تحریری طور پر سٹامپ پیپر کے ذریعے ہوچکے تھے جن کی معیاد ختم ہو چکی ہے۔

اس لئے پولیٹیکل انتظامیہ عاصب ٹھیکیداران کی بجائے غریب قوم کی سرپرستی کرے۔ اور اس تنازعے میں گرفتار ہمارے مشران کو رہا کر کے غیر جانبدار مصالحتی جرگہ تشکیل دے کیونکہ ہم قانون پسند اور امن پسند لوگ ہیں۔ اور رسم و رواج و قانون کے مطابق ہر قسم کی جرگے اور مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ عاصب ٹھیکیداران مالدار اور اثر رسوخ والے لوگ ہیں۔

اس لئے پولیٹیکل انتظامیہ ہمارا حق ان سے واگزار کراکر لیز مسعود آدم زئی قوم کے نامزد کردہ ٹھیکیداروں کے نام کرائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے زیارت ماربل پہاڑ کے دامن میں دھرنا دے کر ماربل لے جانے کا راستہ بند کیا ہے۔ تاکہ مسئلے کا حل نکال کر معیاد ختم ہو نے والے ٹھیکیداروں کو بے دخل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے زیارت ماربل سے بغیر معاہدے مزید ماربل لے جانے کی اجازت نہیں دینگے۔ اور راستہ بدستور بند رکھا جائیگا۔ انہوں نے پولیٹیکل ایجنٹ مہمند سے اپیل کی کہ اس مسئلے کی شفاف انکوائری کرکے سابقہ معاہدوں اور سٹامپ پیپرز کی روشنی میں انصاف پر مبنی فیصلہ کیا جائے اور قوم کو اپنا حق دلوایا جائے۔

متعلقہ عنوان :