مریض علاج معالجہ کیلئے تڑپ رہے ہیں دوسری جانب حکمران طبقہ خوشنما بیان بازیوں سے عوام کو فریب دے رہا ہے‘ ذکر اللہ مجاہد

عوام آئندہ انتخابات میں مداریوں کو ووٹ نہ دے کر کرپٹ اور کرپشن کے سومنات بنانے والوں کو نشان عبرت بنادینگے ‘امیرجماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 18 فروری 2017 20:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار سمجھتی ہے غریب بچیوں کی مدد حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور کا احسن اقدام ہے ،عوام ضروریات زندگی کے لیے ترس رہے ہیں ، مریض علاج معالجہ کے لیے تڑپ رہے ہیں لیکن دوسری جانب حکمران طبقہ خوشنما بیان بازیوں سے عوام کو فریب دے رہا ہے ۔

گزشتہ روز جوہر ٹائون میں حلقہ خواتین لاہور کی طرف سے غریب نادار اور ضرورت مند بچیوں کے لئے جہیز گفٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سارے وزراء نوازشریف کو پانامہ کیس سے بچانے کے لیے دن رات مصروف ہیں۔عوام آئندہ انتخابات میں مداریوں کو ووٹ نہ دے کر کرپٹ اور کرپشن کے سومنات بنانے والوں کو نشان عبرت بنادیں گے ۔

(جاری ہے)

سید ارتضیٰ حسنی، ظفر سہرا اور سمیحہ راحیل قاضی بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔امیر العظیم نے کہاکہ کرپٹ افراد کو ووٹ ڈالنے سے قومی وسائل اور خزانہ لوٹنے والے برسراقتدار آ جاتے ہیں جس سے آنے والی نسلوں کا مستقبل خراب ہو جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے پاس وسائل کی کمی نہیں ہے لیکن ہمارے حکمرانوں کو بیرونی ممالک کے دورے کرنے کا شوق اور عادت پڑ گئی ہے ۔

عوام کو تعلیم ، رہائش ، صحت ، سیوریج ، پینے کا صاف پانی، ادویات مہیاکرنے او ان کے معیار زندگی کو بلند کرنے کی کوئی منصوبہ بند ی نہیں بلکہ ان کی ترجیح میں بڑے بڑے ایئر پورٹ ، میٹرو بس ، اورنج لائن ٹرین ، موٹرویز اور پل بنانا ہے، جن منصوبوں سے اربوں روپے کی لوٹ مار ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو کام حکومتوں کے کرنے کے ہیں وہ فلاحی تنظیمیں عوام کی خدمت کر کے سر انجام دے رہی ہیں ۔ ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی نے اپنے خطاب میں کہاکہ جماعت اسلامی ملک میںخیر کے کام سرانجام دے رہی ہے ۔ الخدمت فائونڈیشن خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کی سماجی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔ تقریب کے آخر میں مستحق خاندانوں میں جہیز گفٹ تقسیم کیے گئے ۔

متعلقہ عنوان :