کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیری نظر بند وں کی حالت زار پر اظہار تشویش

کشمیری اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیںگے،یاسین ملک

ہفتہ 18 فروری 2017 17:56

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے مختلف جیلو ں میں نظر بند کشمیری حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی نے مقبوضہ علاقے کو عملی طور پر ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے اور اس وقت چھ سو سے زائد حریت رہنما اور کارکن اب بھی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک سو سے زائد نظر بندوں کی عدالتوں نے ضمانتیں منظور کیں لیکن بھارتی پولیس نے انہیں رہا نہیں کیا اور وہ تاحال نظر بند ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے اور کشمیری سیاسی نظر بندوں کی رہائی کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیری گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیںاور وہ مکمل کامیابی تک اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے ایک بیان میں بھارتی پولیس کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے انسانی حقوق کمیشن میں جمع کرائی جانے والی اس رپورٹ کو محض جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت کوئی کشمیر ی گھر میں نظر بند نہیں ہے ۔ بیان میں کہا گیا کہ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی گزشتہ کئی برسوں سے گھروں میں مسلسل نظر بند ہیں۔

تحریک حریت جموں وکشمیر اور جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے اپنے بیانات میں بھارتی پولیس کے ہاتھوں بارہمولہ میں مسجد بیت المکرم کے امام مفتی اعجاز احمد کی بلاجواز گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ادھر حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ،میر واعظ عمرفاروق، محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ،آغاسید حسن الموسوی الصفوی، نعیم احمد خان، محمد فاروق رحمانی، جاوید احمدمیر، فریدہ بہن جی، ظفر اکبربٹ، یاسمین راجہ، فاروق احمد توحیدی، مختار احمد وازہ، شبیر احمد ڈار،سید سلیم گیلانی اور جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیرنے اپنے بیانات میںپاکستان میں حالیہ بم دھماکوں میں معصوم جانوں کے زیاں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ واقعات پاکستان کے دشمنوں کی کارستانی ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے اسے غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔بھارتی پولیس نے سوپور کے علاقے سیلو میںچھاپوں کے دوران 9معصوم نوجوانوں کو گرفتار کر لیاہے۔

متعلقہ عنوان :