دہشت گرد کسی غلط فہمی میں نہ رہیں،قوم ان کے خلاف متحد ہے،صدر ممنون حسین

ہفتہ 18 فروری 2017 16:23

دہشت گرد کسی غلط فہمی میں نہ رہیں،قوم ان کے خلاف متحد ہے،صدر ممنون حسین
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہاہے کہ دہشت گرد کسی غلط فہمی میں نہ رہیں،قوم ان کے خلاف متحد ہے۔ دشمن دہشت گردی کے ذریعے ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں ہر صورت سی پیک منصوبوں پر عمل درآمد کرکے ملک کو خوشحال بنائیں گے ۔ دہشت گردوں کے سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میںلائیں گے اوربے گناہوں کے خون کا حساب لیا جائے گا۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صحافیوں نے بہت قربانیاں دی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سندھ مدرستہ الاسلام کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانووکیشن سے گورنرسندھ محمدزبیرعمراور دیگرنے بھی خطاب کیا۔صدرممنون حسین نے کہاکہ دہشت گردی کے شکارافراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ شہید ہونے والوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان نے کہاکہ بہت جلد ملک دشمن قوتوں کو ان کی کمین گاہوں سے نکال کراحتساب کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردانہ اقدامات بہت پہلے سے ہیں،دشمنوں نے ملکی ترقی روکنے کے لیے پہلے اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کی تھی،اب دہشت گردی کے ذریعے ترقی کاراستہ روکنا چاہتا ہے تاہم انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑیگا۔

انہوںنے کہا کہ ہمسایہ ممالک کو ترقی کے عمل میں کھلے دل سے شریک کرنا چاہتے ہیں ،ملک کے مختلف حصوں میں جاری آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گے ،تعلیمی نصاب میں قومی مقاصد کے مطابق تبدیلیاں کی جائیں گی ،نوجوان نئے دور کے تقاضوں سے عہدہ برآ ہونے کے لیے خود کو تیار کریں ،قوم منفی سوچ پھیلانے والوں سے بچیں۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہاکہ اقتصادی راہداری کے روٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

اکنامک کاریڈور کی تکمیل کے بعد خطے کا سب سے اہم ملک بن جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں گرین لائن بس سروس کا منصوبہ اس سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا،حکومت کی سمت درست ہے اور ملک ترقی کررہا ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ترقی کے مزید مواقع پیدا ہوں گے طالب علموں سے گفتگو کرتے ہوئے ممنون حسین نے کہاکہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے مواقع کوحقیقت میں بدلنا ہوگا،نوجوان تمام شعبوں میں مہارت حاصل کرکے ملکی ترقی میں ہاتھ بٹائیں۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہاکہ سی پیک سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔سی پیک میں اقوام عالم نے شامل ہونے کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔کانووکیشن میں صدر مملکت نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں ایوارڈ ؒز بھی تقسیم کیے۔