مقبوضہ کشمیر کی حریت جماعتوں حریت کانفرنس (گ)‘لبریشن فرنٹ‘فریڈم پارٹی‘ نیشنل فرنٹ‘انجمن شرعی شیعیان‘ انصاف پارٹی‘ ماس مومنٹ‘ پیروان ولایت‘ پیپلز فریڈم لیگ‘سالویشن موومنٹ ‘جماعت اسلامی ‘ کاروان اسلامی اورلشکر طیبہ کاحضرت لال شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے خودکش حملے کی مذمت ‘قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار

ایسی حرکتوں میں ملوث لوگ کسی بھی طور انسان کہلانے کے قابل نہیں ہیں‘نہتے انسانوں کو مساجد، خانقاہوں، مقبروں، بازاروں اور دوسرے مقامات پر حملوں کا نشانہ بناکر تہہ تیغ کرنا صرف حیوانیت ہی کہلاسکتا ہے اور کوئی ذی ہوش و حواس انسان ایسی حیوانیت کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرسکتا‘حریت رہنما نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان کااو آئی سی سے پاکستان کونشانہ بنانے کی کوششوں کے توڑ کیلئے خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ

ہفتہ 18 فروری 2017 16:17

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر کی حریت جماعتوں کل جماعتی حریت کانفرنس (گ)‘لبریشن فرنٹ‘فریڈم پارٹی‘ نیشنل فرنٹ‘انجمن شرعی شیعیان‘ انصاف پارٹی‘ ماس مومنٹ‘ پیروان ولایت‘ پیپلز فریڈم لیگ‘سالویشن موومنٹ ‘جماعت اسلامی ‘ کاروان اسلامی اورلشکر طیبہ نے پاکستان کی معروف درگاہ حضرت لال شہباز قلندر کے مزار پر ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

حریت رہنمائوں نے کہا ہے کہ اس طرح کی حرکتوں میں ملوث لوگ کسی بھی طور انسان کہلانے کے قابل نہیں ہیں‘نہتے انسانوں کو مساجد، خانقاہوں، مقبروں، بازاروں اور دوسرے مقامات پر حملوں کا نشانہ بناکر تہہ تیغ کرنا صرف حیوانیت ہی کہلاسکتا ہے اور کوئی ذی ہوش و حواس انسان ایسی حیوانیت کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے ہمدردی اور تعزیت کا پیغام ارسال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حرکتوں میں ملوث لوگ کسی بھی طور انسان کہلانے کے قابل نہیں ہیں اور انہیں ہر صورت میں عبرت ناک سزا مل جانی چاہئے۔ اپنے ایک بیان میں کشمیری رہنما نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کو ایک سازش کے تحت بدنام کیا جارہا ہے جبکہ اس ملک کو سب سے زیادہ سرحد پار دہشت گردی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

گیلانی نے کہا کہ ایک طرف بھارت براہِ راست اس ملک میں افرا تفری پھیلانے میں مدد کررہا ہے اور دوسری طرف افغانستان کی سرزمین کو بھی پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوںنے پاکستانی حکومت، فوج، سیاسی ومذہبی تنظیموں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر دہشت گردی کے اس ناسور کا مقابلہ کریں اور ان شر پسند افراد کو الگ تھلگ کرکے انصاف کے کٹہرے تک لائیں، جو اس کے لیے خام ایندھن کے طور استعمال ہورہے ہیں۔

لبریشن فرنٹ سربراہ محمد یاسین ملک نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے انسانوں کو مساجد، خانقاہوں، مقبروں، بازاروں اور دوسرے مقامات پر حملوں کا نشانہ بناکر تہہ تیغ کرنا صرف حیوانیت ہی کہلاسکتا ہے اور کوئی ذی ہوش و حواس انسان ایسی حیوانیت کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کرسکتا۔ ان واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ چیئرمین نے زخمی ہوجانے والوں کی فوری صحت یابی کیلئے سے دعاکی۔

فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اس کاروائی میں ملوث قاتلوں کی نشاندہی اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کونشانہ بنانے کی کوششوں کا توڑ کرنے کیلئے ایک خصوصی اجلاس طلب کرے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی پر یہ اخلاقی اور منصبی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسلامی دنیا کے واحد نیوکلیائی طاقت رکھنے والے ملک کی حفاظت کے ٹھوس اقدامات کرے۔نعیم خان نے مسلکی منافرت کو مذہبی شدت پسندی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے اسلامی سکالروں ، علمائے حق اور ائمہ مساجد سے اپیل کی کہ وہ پوری سختی کے ساتھ مسلکی اختلافات کو ہوا دینے سے گریز کریں۔

انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ ا?غا حسن نے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لال شہباز قلندر کی درگاہ میں خوف ناک دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس خونین سانحہ کو دہشت گردی کی ایک کڑی سے تعبیر کیا ہے۔لبریشن فرنٹ(ح) سربراہ جاوید احمد میر، انصاف پارٹی کے چیئرمین غلام احمد گلزار،ماس مومنٹ سربراہ فریدہ بہن جی،سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفراکبر بٹ،پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی ، پیپلز فریڈم لیگ چیئرمین محمد فاروق رحمانی اور کاروان اسلامی نے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک اور انسان دشمن عمل قرار دیاہے۔

جماعت اسلامی نے مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک اور انسان دشمن عمل قرار دیاہے۔اپنے بیان میں جماعت کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی نے کہا ہے کہ اس طرح کی کارروائی کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے لوگوں کو سماج میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں انجام دینا غیر اخلاقی ہی نہیں بلکہ غیر انسانی عمل ہے۔بیان میں پاکستانی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے عناصر کے خلاف متحد ہوکر اٴْن کی مکروہ چالوں کو ناکام بنائیں جن کا مدعا و مقصد صرف اور صرف اسلام اور انسانیت کے دشمنوں کی ایما پر پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کو نقصان پہنچانا ہے۔