مقبوضہ کشمیر، سابق کٹھ پتلی وزیر اعلی عمر عبداللہ پر جوتا پھینکنے والا کشمیری پولیس اہلکار چل بسا

ہفتہ 18 فروری 2017 13:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں 2010میں اسوقت کے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر پر سرینگر میں جوتا پھینکنے والا کشمیرپولیس سے وابستہ اہلکار عبدالاحد جان ہفتے کی صبح اپنے آبائی علاقے بانڈی پورہ اجس میں وفات پا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عبدالاحد جان نے عمر عبداللہ پر15اگست2010 کو سرینگر میں منعقدہ ہونے والی بھارتی یوم آزادی کی سرکاری تقریب کے دوران جوتا پھینکا تھا۔

(جاری ہے)

متوفی کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ عبدالاحد جان کو جوتا پھینکنے کے بعد دوران حراست سخت جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کے باعث انکے گردے ناکارہ ہو چکے تھے۔ جوتا پھینکنے کے بعد عبدالاحد کو فوری طور پر گرفتار کیا گیاتھا۔ یاد رہے کہ 2010میںمقبوضہ وادی کشمیر میں چلنے والی احتجاجی تحریک کے دوران بھارتی فورسز نے پر امن مظاہرین کو فائرنگ کا نشانہ بناتے ہوئے 130کے لگ بھگ کشمیری نوجوان کو جن میں اکثر کم عمر لڑکے تھے کو شہید کر دیا تھا۔ احد جان نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو ان نوجوانوں کے قتل کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا تھا۔