تحریک حقوق نسواں پاکستان کی چیئرپرسن پروین بخاری کی سیہون شریف میں درگاہ بابا لعل شہباز قلندرمیں خود کش دھماکے کی مذمت

جمعہ 17 فروری 2017 23:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) تحریک حقوق نسواں پاکستان کی چیئرپرسن سیدہ پروین بخاری نے سہون شریف میں درگاہ بابا لعل شہباز قلندرمیں خود کش دھماکے میں 80سے زاہد عقیدت مندوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ دہشت گرد اس قسم کی کارروائیوں سے اسلام اور نہ ہی پاکستان کی کوئی خدمت کر رہے ہیں بلکہ دہشت گرد عناصر بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیل کر اپنی دنیا اور آخرت خراب کر رہے ہیں ،ان واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

عساکر پاکستان اور امن و امان کی بحالی کے ذمہ دار اداروں کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کا قلع قمع کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں ،کیونکہ ایک مرتبہ پھر یہ لوگ اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے سرگرم عمل ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدائے سانحہ لاہور و مہمند کی یاد میں منعقدہ دعائیہ تقریب کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے لاہور ، مہمند اور پشاور کے بعد اب سہون شریف میں خود کش دھماکوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام و وطن دشمن عناصرملکی سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ۔ یہ عناصر ہماری صفوں میں گھس کر ہمیں تباہ کر نے کی سازشوں میں شریک ہیں ، ہم سب کو مل جل کر ان لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے ۔

سیدہ پروین بخاری نے کہا کہ خود کش حملوں کے ذریعے جنت پانے کی آرزو رکھنے والے افراد دینی تعلیم سے ہی ناآشنا ہیں ، انہیں چاہئے کہ وہ دین اسلام کا اچھی طرح مطالعہ کریں تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ خود کش حملے سراسر حرام ہیں ، بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلنے کے لیے اپنے ہی جسموں کو بارود سے اُڑا دینا انسانیت کی تذلیل ہے ، اس لیے ان لوگوں کو چاہئے کہ وہ خود کش حملوں کی بجائے اپنے اعمال میں بہتری لائیں تاکہ رب کائنات کی خوشنودی حاصل کرکے وہ حقیقی معنوں میں جنت کے حقدار ٹھہرائے جا سکیں۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف ایکشن کو تیز کیا جائے اور ملک دشمن عناصر کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کا لائے جائیں۔

متعلقہ عنوان :