پشتونخواملی عوامی پارٹی کی سہون شریف مزار پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

حملے میں مسلم باغ کے دونوجوان طالب علم محب خان اور وسیم خان شہید، عزیز اللہ شدید زخمی ہوا ہے ،پشتونخواملی عوامی پارٹی

جمعہ 17 فروری 2017 23:40

ْکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں سندھ کے سہون شریف لعل شہباز قلندر کے مزار پر خود کش حملے جس میں 100کے قریب بے گناہ معصوم لوگوں کی شہادتوں اور سینکڑوں کے زخمی ہونے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وحشت وبربریت پر مبنی دہشتگردانہ واقعے میں جنوبی پشتونخوا کے مسلم باغ کے دونوجوان طالب علم محب خان اور وسیم خان شہید جبکہ عزیز اللہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔

بیان میں شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی ویکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحیتیابی کیلئے دعا کی ہے گئی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں پشتونخوا وطن اور ملک کے طول وارض میں دہشتگردی کے 8سے زائد واقعات رونماء ہوئے ہیں جس میں 120سے زائد بے گناہ نہتے شہری اور پولیس افیسران واہلکاران لقمہ اجل بنے جبکہ سینکڑوں لوگ زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ان خونین اور دہشتگردی کے واقعات و سانحات نے ثابت کردیا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کی اذیت ناک صورتحال مسلط ہے اور دہشتگردی کیخلاف جاری آپریشنوں کے باوجود دہشتگردی کا خاتمہ نہیں ہوا ہے ۔بلکہ ہمارے عوام کی زندگی کے تمام شعبوں کے مراکز پر دہشتگردوں کے وحشیانہ حملے تواتر کے ساتھ جاری ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کی کامیابیوں کے دعووں کے باوجود دہشتگردوں کے تمام مراکز اوردہشتگردی کا تمام نیٹ ورک پوری طاقت کے ساتھ اب بھی موجود ہے اور ملک کا کوئی علاقہ ان کے حملوںسے محفوظ نہیں۔

جب تک دہشتگردوںکے مراکز اورنیٹ ورک کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک عوام کے جان ومال کے تحفظ کی کوئی ضمانت نہیںہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں انتہا پسندی فرقہ واریت اور دہشتگردی کی قوتوں کا وجود ماضی میں ملک کے استعماری حکمرانوں اورفوجی آمریتوں کی پالیسیوںکا نتیجہ ہے۔جب تک ان استعماری وآمرانہ اور ملک دشمن پالیسیوں کو تبدیل نہیں کیا جاتا اس وقت تک دہشتگردی کا ناسور سے نجات محال ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی شہدا کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اس غم میں برابرکی شریک ہے اور پارٹی اپنے عوام اور اپنے وطن کو دہشتگردی سے نجات دلانے کی جنگ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ۔

متعلقہ عنوان :