دوسال بڑا عرصہ تھا حکومت نے عدالتی اصلاحات کیوں نہیں کیں ،سید خورشید شاہ

حکومت فوجی عدالتوں کو توسیع نہ دینے کا ملبہ اپوزیشن پر ڈالنا چاہتی ہے بتائیں فوجی عدالتوں میں توسیع کی ضرورت کیوں پڑی تھی،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 17 فروری 2017 23:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ دوسال بہت بڑا عرصہ تھا مگر حکومت نے عدالتی اصلاحات کیوں نہیں کیں ،حکومت فوجی عدالتوں کو توسیع نہ دینے کا ملبہ اپوزیشن پر ڈالنا چاہتی ہے مگر ہمیں بتاتے نہیں کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کی ضرورت ہی کیوں پڑی تھی ۔ وہ جمعہ کو اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو سزا دینے کی عدالتی اصلاحات سے حکومت کو کس نے روکا ، جنرل راحیل شریف کہتے رہے تھے کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہورہا ، ثابت ہوگیا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کر سکی ۔خورشید شاہ نے کہا کہ حکومت خود فوجی عدالتوں میں توسیع نہیں چاہتی اور اس کا ملبہ اپوزیشن پر ڈالنا چاہتی ہے ،نیشنل ایکشن پلان پر سنجیدگی سے عمل درآمد تک معاملات ٹھیک نہیں ہوسکتے ،حکومت کے غیر سنجیدہ رویے نے قوم کو لاشیں اٹھانے پر مجبور کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ دو سال بہت بڑ اعرصہ تھا مگر حکومت کی طرف سے عدالتی اصلاحات کا کچھ نہیں کیا گیا ،حکومت ہمیں بتاتی کیوں نہیں کہ فوجی عدالتوں میں توسیع کی ضرورت کیوں پڑی تھی ، فوجی عدالتوں کی توسیع مسئلہ نہیں بلکہ حکومت کی غیر سنجیدگی مسئلہ ہے ، سارے معاملات میں وزیرداخلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ بازو چڑھا کر تنقید کا جواب دینے والے وزیرداخلہ ہی مسائل کے ذمہ دار ہیں ، فوجی عدالتوں میں توسیع اور حکومت غیر سنجیدگی کا معاملہ ہم اپنی پارٹی قیادت کے سامنے رکھیں گے ۔