بلدیاتی اداروں کے منتخب سربراہان کے اعزازیہ کا تعین جلد کر دیا جائے گا‘رانا ثناء اللہ خاں

لوکل گورنمنٹ فنڈز 17 ارب روپے سے بڑھا کر 43.2 ارب روپے کردیئے، بلدیاتی نمائندگان کو حقیقی پذیرائی عوام کی خدمت سے ملے گی نہ کہ اختیارات کی کھینچا تانی سے‘صوبائی وزیر قانون

ہفتہ 18 فروری 2017 00:01

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کے لیے نو منتخب بلدیاتی نمائندگان کو ذاتی مفاد سے بالا تر ہو کر اجتماعی خدمت کے جذبے سے سر شار ہو کر کام کرنا ہوگا۔ بلدیاتی اداروں کے منتخب سربراہان کے اعزازیہ کا تعین جلد کردیا جائے گا۔ پنجاب ایوارڈ کمیشن کے تحت لوکل گورنمنٹ کی مد میں ملنے والی رقم 17 ارب روپے سے بڑھا کر 43.2 ارب روپے کردی گئی ہے۔

بلدیاتی نمائندوں کی رہنمائی کے لیے محکمہ بلدیات ہیلپ لائن قائم کرے تاکہ انھیں بر وقت اور مستند مشورہ میسر آسکے۔ وہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں بلدیاتی نمائندگان کے تربیتی کورس کی اختتامی تقریب کی صدارت کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری بلدیات اسلم کمبوہ اور ڈائریکٹر جنرل انسٹی ٹیوٹ محمد نعیم الحق بھی موجود تھے۔ رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندگان یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ انھیں حقیقی پذیرائی عوام کی خدمت سے ملے گی نہ کہ سہولیات اور اختیارات کی کھینچا تانی سے۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں میگا پرا جیکٹس کی حد تک تو قابل ذکر کام ہوا ہے تاہم گلی محلہ کی ترقی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ انھوں نے کہا کہ میاں محمد شہباز شریف حکومت نے عوامی امنگوں کی صحیح ترجمانی کرتے ہوئے بلدیاتی نمائندوں کو شہر ی و دیہی ترقی کا ٹاسک سونپا ہے۔ بلدیاتی نمائندوں کوبیور کریسی کی مداخلت کے بغیر مقامی ضرورت کی بنیاد پر شفاف انداز میں فنڈز خرچ کرنے کی آزادی ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ جب عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوگا تو یقینا اسکے اثرات ملکی سطح پر بھی مرتب ہونگے۔بلدیاتی نمائندے اپنے حلقہ میں تجاوزات ، غذائی ملاوٹ، بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی اور خطرناک اشیاء کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھنے کے پابند ہونگے۔ وزیر قانون نے کہا کہ میئر، ڈپٹی میئر ، ڈسٹرکٹ اینڈ میونسپل کارپوزیشنز کے چیئر مین اور وائس چیئر مین منتخب ہونے پر یونین کونسلزکے چیئر مین اپنی بنیادی انتخابی سیٹ برقرار رکھ سکیںگے۔

آخر میں انھوں نے بلدیاتی نمائند وں کی استعداد کارمیں اضافے کے سلسلہ میں کامیاب کورس کے انعقاد پر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں رانا ثناء اللہ خاں نے کور س کے اختتام پر شرکاء کورس میں سر ٹیفکیٹ تقسیم کیے۔