پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں، سیہون شریف حملے جیسی دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ،مید ہے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا ملے گی،متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی ہے

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی سیہون شریف میں دہشتگرد حملے کی مذمت ، وزیراعظم نوازشریف اور صدر ممنون حسین کے نام تعزیتی پیغام

جمعہ 17 فروری 2017 23:59

اسلام آباد/ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے سیہون شریف میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس طرح کی دہشت گردی کا کوئی جواز نہیں ہے ، امید ہے واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا ملے گی ،ہم پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں ۔

جمعہ کو روسی صدر نے وزیراعظم نوازشریف اور صدر ممنون حسین کے نام تعزیتی پیغام بھیجا ۔ سیہون شریف دھماکے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ولادی میرپیوٹن نے کہا کہ اس طرح کی بربریت کا کوئی جواز نہیں ہے ، امید ہے واقع میں ملوث دہشت گردوں کو قرار واقعی سزا ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں ، دہشت گردی کے خلاف دوطرفہ اور عالمی کوششوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

روسی صدر نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور زخمیوں کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا پاکستان میں مسلسل دہشت گرد حملوں اور لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر دہشت گردی کے حوالے سے صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف کے نام پیغام میں کہاکہ لعل شہباز قلندر کی درگاہ پر حملے پر پاکستانی صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف اور عوام سے تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمنائیں پیش کرتے ہیں۔( و خ )