فاٹا میں سیکورٹی اور امن وامان یقینی بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، مقصد کیلئے مربوط کوششیں کی جائیں،گورنرخیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفرجھگڑا کی انتظامی افسران کوہدایت

جمعہ 17 فروری 2017 23:56

فاٹا میں سیکورٹی اور امن وامان یقینی بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئر اقبال ظفرجھگڑا نے انتظامی افسران کوہدایت کی ہے کہ خاص طورپر فاٹا میں سیکورٹی اور امن وامان یقینی بنانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اور اس مقصد کیلئے مربوط کوششیں کی جائیں۔وہ جمعہ کے روزگورنرہاؤس پشاورمیں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا عابد سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر، پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرسکندرقیوم، متعلقہ کمشنرز ، تمام پولیٹیکل ایجنٹس ،بعض ڈپٹی کمشنر اور دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔ گورنرنے خاص طور پر شرپسندعناصر پر کڑی نظر رکھنے کی تاکید کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنے اپنے متعین علاقوں میں موجود رہیں اور اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی بطریق احسن یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

گورنرنے پولیٹیکل ایجنٹس کو ہدایت کی کہ وہ فاٹا میں بلاک شناختی کارڈ کے ویریفیکیشن کیلئے نادرا کے متعلقہ حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھاجائے اور اس سلسلے میں لوگوں کی جائز مشکلات کاحل یقینی بنایاجائے۔ گورنرنے فاٹااوراس سے ملحقہ علاقوں میں مردم شماری کے عمل کو شفاف اور یقینی بنانے کی بھی تاکیدکی اورکہاکہ وہ متعلقہ حکام سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فاٹامیں مردم شماری کے عمل کو یقینی بنائیں۔ دریں اثناء اجلاس میں پولیٹیکل ایجنٹس اور دیگرمتعلقہ افسران نے گورنرکواپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں امن وامان کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ قبل ازیں اجلا س میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں شہید ہونیوالے سرکاری اہلکاروں اور عام شہریوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعاکی گئی۔

متعلقہ عنوان :