وزارت انسانی حقوق کی پراسیکوٹرز اور عدالتی اہلکاروں کی استعداد سازی بارے خوشاب میں تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

یہ پراجیکٹ وزارت کے ’’صنفی برابری‘‘پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد متعلقہ اہلکاروں کو صنفی مسائل اور قوانین بارے حساسیت دینا ہے، عرفان شبیر

جمعہ 17 فروری 2017 23:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2017ء)وزارت انسانی حقوق نے عورت فائونڈیشن کے اشتراک سے ضلعی بارایسوسی ایشن خوشاب میں پراسیکوٹرز اور عدالتی اہلکاروں کی استعداد سازی کے لیے تربیتی ورکشاپ منعقد کی۔ایک روزہ ورکشاپ ’’خواتین سے متعلق قوانین اور پراسیکوٹرز اینڈ کورٹ آفیشلز‘‘پراجیکٹ کے تحت منعقد کی گئی۔وزارت انسانی حقوق کے ڈپٹی ڈائریکٹرعرفان شبیر نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور پراجیکٹ کا تعارف کروایا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ وزارت کے ’’صنفی برابری‘‘پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد متعلقہ اہلکاروں کو صنفی مسائل اور قوانین بارے حساسیت دینا ہے تاکہ وہ صنفی تشدد سے متعلقہ مسائل اور کیسوں میں بہتر طریقے سے کارروائی کرسکیں۔

(جاری ہے)

وزارت انسانی حقوق ، قانون سازی، قواعد وضوابط اور پریکٹسیز کو ان بین الاقوامی معاہدوں اور کنوینشنز کے مطابق بنانے کے لیے کام کررہی ہے۔

جو پاکستان نے بین الاقوامی سطح پرکررکھے ہیں اور ان معاہدوں پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور اس کے علاوہ عوام الناس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی صورت میں دستیاب قانونی داد رسی اور انسانی حقوق بارے آگاہی پیدا کی جارہی ہے۔ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن خوشاب کے صدر سید اظہر عباس ہمدانی نے اپنے خطاب میں وزارت انسانی حقوق کی ان کوششوں کو سراہاجو وہ صنفی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کے مسئلہ پر قابو پانے کے لیے کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار خوشاب وزارت انسانی حقوق کے پاکستان میں انسانی حقوق کی پاسداری کے ایجنڈا پر عملدرآمد کے لیے شروع کیے گئے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے کیونکہ آزادی ،وقاراور عزت واحترام سے زندگی بسر کرنا ہر شہری کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین بھی پاکستان کی سماجی واقتصادی ترقی میں برابر حصہ لے رہی ہیں اور ہمیں تمام شعبوں میں ان کے کردار کا اعتراف کرنا چاہئیے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے سازگار ماحول کو یقینی بنائے بغیر ترقی نہیں کی جاسکتی جس میں کسی کا بھی استحصال ، زیادتی اور تشدد نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ وکلاء ، قانون دانوں اور عدالتی اہلکاروں نے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کا عزم کررکھا ہے۔اس تربیتی ورکشاپ میں وزارت انسانی حقوق کے ٹیکنیکل ماہرین نے متعلقہ امور بارے پریذنٹیشنز دیں اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دیئے۔