کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موئثر طور پر نمٹنے کیلئے جانباز فورس کا کردار ہمیشہ ہی قابل ستائش رہا ہے ‘پاکستان آرمی کے خصوصی تربیت یافتہ جانباز جوان اپنے فرائض کی ادائیگی اور شر پسند ،تخریب کار عناصر کے قلع قمع کے لیے پوری طرح چوکس ہیں

ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد علی رندھاوا کی بات چیت

جمعہ 17 فروری 2017 23:51

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موئثر طور پر نمٹنے کے لیے جانباز فورس کا کردار ہمیشہ ہی قابل ستائش رہا ہے اور پاکستان آرمی کے خصوصی تربیت یافتہ جانباز جوان اپنے فرائض کی ادائیگی اور شر پسند ،تخریب کار عناصر کے قلع قمع کے لیے پوری طرح چوکس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملکی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیںکہ پاک آرمی ،پولیس ،جانباز فورس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ شہری بھی ملک دشمن قوتوں پر کڑی نظر رکھیں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار 352انفنٹری جانباز فورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کرنل پرویز اصغر عارف، میجر تنویر اور دیگر افسران کیساتھ تربیت حاصل کرنے والے جوانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد عناصر ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے مکروہ منصوبے کے تحت بزدلانہ کاروائی کر رہے ہیںتاہم پوری پاکستانی قوم اور ملکی ادارے مادر وطن کے دفاع اور ان شیطانی قوتوں کے خاتمے کے لیے متحد اور پُرعزم ہیں اور انشاء اللہ ان تخریب کار عناصر کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔

انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے جوانوں کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ ملک کے دفاع اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرنل پرویز اصغر عارف نے کہا کہ 25رُکنی جانباز فورس کو پاک آرمی کی تربیت کے کڑے مراحل سے گزارا گیا ہے اور خدا کے فضل و کرم سے ہمارے تربیت یافتہ یہ نوجوانوں ضلع بھر میں کسی بھی جگہ ناخوشگوار صورتحال کو موئثر طور پر کنٹرول کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے ملکی دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جاری جہاد میں پاک آرمی ،پولیس اور دیگر اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائیگا اور بہت جلد بچے کھچے دہشت گرد عناصر اپنے انجام کو پہنچیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور کرنل پرویز نے بہترین کارکردگی کے حامل جوانوں میں تعریفی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے جبکہ جانباز فورس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :