نان ڈیوٹی پیڈ اور غیر قانونی سگریٹوں کی ایک اور بڑی کھیپ پکڑی گئی

جمعہ 17 فروری 2017 23:47

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 فروری2017ء) ایبٹ آبادمیں نان ڈیوٹی پیڈ سمگل شدہ اور غیر قانونی سگریٹس کی بڑی کھیپ برآمد کر لی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق آفیسر انچارج انٹیلی جنس ، انوسٹی گیشن اینڈ پراسیکیوشن سیل آر ٹی او افضل ملک کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ ایبٹ آباد کے مختلف بازاروں میں نان ڈیوٹی پیڈ ، سمگل شدہ اور غیر قانونی سگریٹس کی فروخت کھلے عام جاری ہے ۔

جس پر ایک چھاپہ مار ٹیم تشکیل دی گئی جس کی قیادت افضل ملک خود کر رہے تھے ۔ٹیم نے آصف پان سٹور کچہری روڈ ، شاہین کیمسٹ ، ایبٹ مال مانسہرہ روڈ اور علی سٹور پر چھاپے مارے جہاں سے بڑی تعداد میں سمگل شدہ اور مقامی طور پر تیار کردہ غیر قانونی سگریٹ کی بڑ ی کھیپ پکڑی گئی ۔ چھاپہ مار ٹیم کو دیکھتے ہی مذکورہ سٹورز کے مالکان رفو چکر ہوگئے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل مانسہرہ میں ہزارہ مال اور مانسہرہ مال پربھی چھاپے مارے گئے اور سمگل شدہ سگریٹ کی بھاری کھیپ برآمد کرکے قبضہ میں لے لی گئی ۔ چیف کمشنر ایبٹ آباد محمود اسلم نے رابطہ کرنے پر سمگل شدہ سگریٹس برآمد کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی ہزارہ ڈویژن میں سمگل شدہ اور نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹس بیچنے اور استعمال کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ سمگل شدہ سگریٹس بیچنے والوں کیلئے ہزارہ ڈویژن میں کوئی جگہ نہیں ۔ نان ڈیوٹی پیڈ سگریٹس کے خلاف چھاپے جاری رہیں گے ۔انھوں نے تنبیہہ کی کہ غیر قانونی سگریٹس کے کاروبار میں ملوث عناصر باز آجائیں بصورت دیگر سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔