وزیر اعلیٰ پنجاب نے پریس کانفرنس کے ذریعے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ،شہباز شریف اور انکے ساتھ بیٹھا وزیر پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں رکاوٹ ہیں ،ا ٓپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کے ثمرات کو ضائع کرنے کیلئے شہباز شریف نے صوبے میں شرپسندوں کو پناہ گاہوں سے صرف نظر کیا

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نعیم الحق کا وزیر اعلیٰ پنجاب کی شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل

جمعہ 17 فروری 2017 23:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پریس کانفرنس کے ذریعے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ،شہباز شریف اور انکے ساتھ بیٹھا ،وزیر پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں رکاوٹ ہیں ،ا ٓپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کے ثمرات کو ضائع کرنے کیلئے شہباز شریف نے پنجاب میں شرپسندوں کو پناہ گاہوں سے صرف نظر کیا۔

جمعہ کو وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پختونخوا میں دہشت گرد حملے پر انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔شہباز شریف نے اپنی نااہلی اور مجرمانہ ناکامی پر شرمندگی کے اظہار کی بجائے شرمناک طعنہ زنی سے کام لیا۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کے خیر خواہ شخص کو ساتھ بٹھا کر شہباز شریف نے قوم کو نہیں دہشت گردوں کو پیغام دیا۔

شہباز شریف اور انکے ساتھ بیٹھا وزیر پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی میں رکاوٹ ہیں۔ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کے ثمرات کو ضائع کرنے کیلئے شہباز شریف نے پنجاب میں شرپسندوں کو پناہ گاہوں سے صرف نظر کیا۔شہباز شریف نے پولیس کو تباہ کیا اور دہشت گردوں کی راہ سے پہلی رکاوٹ دور کی۔جنگلا بسوں اور نارنجی ٹرینوں پر اربوں لٹانے والے شہباز شریف بتائیں پولیس کی استعداد بڑھانے کیلئے انہوں نے کیا کیا۔

شہباز شریف جواب دیں کہ انہوں نے پنجاب میں سینکڑوں اشتہاریوں کے سرپرست رانا ثنااللہ کا احتساب کیوں نہیں کیا۔شہباز شریف بتائیں کیوں وہ پولیس کو سیاسی آلائشوں سے پاک کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔شہباز شریف رائیونڈ کے محل پر باامر مجبوری تعینات ہزاروں پولیس اہلکاروں کی جان کیوں نہیں چھوڑتے۔قوم کے ساتھ ڈرامہ بازی روک کر انکی جانوں سے کھیلنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔جب تک شہباز شریف اپنی کابینہ کو دہشت گردوں کے سرپرستوں سے پاک نہیں کرتے قوم انہیں سنجیدہ نہیں لے گی(ع ع)