سی پیک قومی تعمیروترقی کیلئے بے شمار مواقع فراہم کر رہا ہے ،پاکستان میں دہشت گردی بڑا مسئلہ ہے ،افغانستان میں شورش کی فضاء پاکستان کو بری طرح متاثر کرتی ہے ، ہمارے چین اور ایران کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ، سیکرٹری خارجہ کا رتقریب سے خطاب

جمعہ 17 فروری 2017 23:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 فروری2017ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک ) منصوبہ قومی تعمیر وترقی کیلئے بے شمار مواقع فراہم کر رہا ہے ، اس وقت پاکستان میں دہشت گردی سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ سیکرٹری خارجہ نے جمعہ کے روز ایئریونیورسٹی میں پاکستان کی خارجہپالیسی کو درپیش چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے چین اور ایران کیساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں تاہم بھارت سے مخالفانہ اور افغانستان سے تعلقات کو موقع کی مناسبت سے استوار کرنے کی ضرورت ہے ، جب بھی افغانستان میں شورش کی فضاء پاکستان پر بری طرح اثر انداز ہوتی ہے اور قومی تحفظ کو غیر محفوظ کرتی ہے ، پر امن ہمسائیگی اور معاشی تعاون کی مضبوطی کیلئے پاکستان کے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مجموعی طور پراچھے تعلقات ہیں ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خارجہ نے سی پیک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچہ اور توانائی کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری پورے ملک کی تعمیرو ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے ۔انہوں نے حقیقت پسندی کیساتھ امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسئلہ ایک امید کا موقع فراہم کرتا ہے ، ہمیں ایک مرتبہ پھر مواقع کی نشاندہی کرنی چاہیئے کہ ہم ایک مضبوط قوم ہیں اور ہم دنیا میں ایک ایسی قوم بن کر ابھریں گے جو اپنے تمام مقاصد حاصل کرے گی ۔

سیکرٹری خارجہ نے سرد جنگ کے بعد کی جیو اسٹریٹجک اورسیاسی تاریخ کے بعد کی صورتحال اور دنیا کی عالمی طاقتوں کے جنوبی ایشیائی خطے میں بالعموم اور پاکستان میں بالخصوص معاملات پر روشنی ڈالی ۔انہوں نے موجودہ ابھرتی ہوئی عالمی سیاسی صورتحال اور اس کی پاکستان سے مناسبت اور اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر فیض عامر نے سی پیک پر سیکرٹری خارجہ کی بات چیت پر شکریہ ادا کیا اور ان کو امریکہ میں سفارتکار مقرر کئے جانے پر مبارکباد دی ۔